پاسپورٹ کا بیک لاگ ختم کرنے کیلئے نئی مشینیں منگوانے کا فیصلہ
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے پاسپورٹ کے بیک لاگ جیسے مسائل سے چھٹکارا پارنے کے لیے پاسپورٹ پرنٹ کرنے والی نئی مزید مشینیں منگوانے کا فیصلہ کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پاسپورٹ کے بڑھتے ہوئے بیک لاگ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے نئی مشینیں منگوانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی ریکویزیشن وزارت داخلہ کو ارسال کردی گئی ہے۔
پاسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ نئی مشینیں ستمبر میں بیرون ملک سے منگوائی جائیں گی جو ایک گھنٹے میں ایک ہزار پاسپورٹ پرنٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
نئی مشینوں میں چھ ڈیسک ٹاپ اور دو ای پاسپورٹ مشینیں بھی شامل ہیں۔
ملک بھر میں گزشتہ ایک سال سے پاسپورٹس کا اجرا تاخیر کا شکار ہیں اور ایک اندازے کے مطابق تقریباً 8 لاکھ پاسپورٹس زیر التوا ہیں۔