• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 4:59pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 4:59pm Isha 6:28pm

ساحل عدیم نے درست بات غلط لفظ کے ساتھ کہی، عائشہ جہانزیب

شائع July 10, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ٹی وی میزبان عائشہ جہانزیب نے کہا ہے کہ ان کے ٹی وی پروگرام میں موٹیویشنل اسپیکر اور اسکالر ساحل عدیم نے درست بات کی لیکن انہوں نے غلط لفظ کا انتخاب کیا جب کہ انہیں ٹوکنے والی لڑکی بھی جذبات میں آکر غلط بات کرنے لگیں۔

عائشہ جہانزیب نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے گزشتہ ماہ جون میں اپنے پروگرام مکالمہ میں اسکالر ساحل عدیم کی جانب سے ملک کی 95 فیصد خواتین کو جاہل قرار دینے کے معاملے پر کھل کر بات کی۔

ٹی وی میزبان نے دعویٰ کیا کہ بحث کے دوران انہیں بار بار خاموش رہنے کی ہدایات کی جاتی رہیں، انہیں بولنے نہیں دیا گیا جب کہ وہ بولنا چاہتی تھیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ساحل عدیم نے غلط بات نہیں کی تھی لیکن انہوں نے غلط لفظ کا انتخاب کیا۔

ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ ساحل عدیم نے اسلامی نقطہ نظر سے بات کی اور کہا کہ اسلام میں جاننے والے کو عالم جب کہ لاعلم شخص کو جاہل کہا جاتا ہے اور انہوں نے اسی حوالے سے خواتین کو جاہل کہا تھا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ ساحل عدیم کی جانب سے جاہل لفظ کا غلط انتخاب کیا گیا کیوں کہ پاکستانی معاشرے میں عام طور پر جاہل کا لفظ ان پڑھ اور گوار سے لیا جاتا ہے، اس لیے لوگوں کو غصہ بھی آیا اور ساحل عدیم کو دوسرے لفظ کا انتخاب کرنا چاہیے تھے۔

عائشہ جہانزیب کا کہنا تھا کہ اسی دوران وہ بات کرنا چاہ رہی تھیں لیکن پروگرام کے پروڈیوسر انہیں مائیک پر خاموش رہنے کی ہدایات دیتے رہے اور پروگرام میں موجود لڑکی بول پڑیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ساحل عدیم کی جانب سے 95 فیصد خواتین کو جاہل کہنے پر اختلاف کرنے والی لڑکی سما ٹی وی ڈیجیٹل کی ملازم تھیں اور انہوں نے بھی اسکالر سے غلط بات کی۔

ان کا کہنا تھا کہ لڑکی کو معافی مانگنے کے مطالبے کے بجائے یہ کہنا چاہیے تھا کہ ساحل عدیم جاہل کی جگہ کوئی اور لفظ استعمال کریں لیکن وہ لڑکی اسکالر سے معافی کا مطالبہ کرتی رہیں، جس سے پروگرام کچھ بدنظمی کا شکار بھی ہوا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مذکورہ پروگرام میں خواتین نے آنے سے انکار کردیا تھا اور بڑی مشکل سے کچھ خواتین کو لایا گیا تھا، تاہم انہوں نے خواتین کے انکار کا سبب نہیں بتایا۔

خیال رہے کہ عائشہ جہانزیب کے پروگرام میں ساحل عدیم نے بحث کے دوران ملک کی 95 فیصد خواتین جب کہ محض 25 فیصد مردوں کو جاہل قرار دیا تھا۔

ساحل عدیم کی بات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی اور انہیں خوب تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024