بھارت: ڈبل ڈیکر بس دودھ کے ٹرک سے ٹکرا گئی، 18 افراد ہلاک، متعدد زخمی
شمالی بھارت میں ایک ڈبل ڈیکر مسافر بس دودھ کے ٹرک سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس افسر اروند کمار نے کہا کہ یہ تصادم ریاست اتر پردیش میں ایک ایکسپریس وے پر ہوا اور 19 زخمی افراد کو علاقے کے دیہاتیوں نے ہسپتال پہنچادیا، انہوں نے مزید بتایا کہ زخمیوں ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے، بس شمالی ریاست بہار سے دارالحکومت نئی دہلی جا رہی تھی۔
اروند کمار نے مزید کہا کہ حکام متاثرین کی شناخت کے عمل میں مصروف ہے اور حادثے کی صحیح وجہ کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
گورنگ راٹھی نامی ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تیز رفتار بس نے دودھ کے ٹرک کو پیچھے سے ٹکر ماری جس کی وجہ سے دونوں گاڑیاں الٹ گئیں، تصادم اتنا شدید تھا کہ بس کا ایک سائیڈ مکمل طور پر تباہ ہوگیا جس سے مسافر گاڑی سے باہر گر گئے، ٹیلی ویژن پر دکھائی جانے والی تصاویر میں سڑک پر لاشیں بکھری ہوئی دکھائی دے رہی تھیں۔
بھارت میں سڑکوں پر ہونے والی اموات کی شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے، جہاں سالانہ لاکھوں افراد ہلاک اور زخمی ہوتے ہیں، زیادہ تر حادثات کا ذمہ دار لاپرواہی سے ڈرائیونگ، خراب سڑکوں اور پرانی گاڑیوں کو ٹھہرایا جاتا ہے۔
مئی میں، ہندو زائرین کو لے جانے والی ایک بس بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک پہاڑی شاہراہ پر پھسل کر گہری کھائی میں جاگری تھی، جس میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔