بچے مسیحیت اختیار کریں ایسا ہو ہی نہیں سکتا، حسن احمد

شائع July 9, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

اداکار حسن احمد نے کہا ہے کہ ان کے بچے اسلام کے ہی پیروکار بنیں گے، وہ مسیحیت اختیار کریں ایسا ہو ہی نہیں سکتا۔

حسن احمد نے اہلیہ سنیتا مارشل کے ہمراہ حال ہی میں مسرت مصباح کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں دونوں نے اپنی شادی، بچوں اور الگ الگ مذہب سے تعلق رکھنے کے باجود کامیاب ازدواجی زندگی گزارنے کے معاملے پر کھل کر بات کی۔

اسی پوڈکاسٹ میں بچوں کے مذہب سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں سنیتا مارشل نے کہا کہ شادی سے قبل ہی ان دونوں نے طے کرلیا تھا کہ ان کے بچے مسلمان ہی ہوں گے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب ان کا رشتہ طے ہوا تھا، تب ہی یہ بات انہوں نے اپنی مرضی سے طے کی تھی کہ ان کے بچے دو مختلف مذاہب کے درمیان لٹکنے کے بجائے ایک مذہب کے پیروکار ہوں گے اور انہوں نے طے کرلیا تھا کہ ان کے بچے والد کا مذہب اسلام ہی آگے بڑھائیں گے۔

جب حسن احمد سے پوچھا گیا کہ اگر ان کے بچے بیرون ملک پڑھنے جاتے ہیں اور وہاں سے واپسی پر وہ آکر کہتے ہیں کہ وہ اسلام نہیں بلکہ مسیحیت کی پیروی کرنا چاہتے ہیں، تب ان کا کیا رد عمل ہوگا؟

اس پر حسن احمد نے کہا کہ میرا دین پر مکمل ایمان ہے، اگر آپ ایک چیز اچھی نیت سے چاہتے ہیں تو، ایسا ہوگا نہیں، اس لیے آپ کا یہ سوال تو ختم ہوگیا۔

ان کے مطابق وہ خود مذہبی شخص ہیں، ان کا مذہب اور عقائد پر بڑا یقین ہے اور یہ کہ انہیں معلوم ہے کہ ایسا کبھی نہیں ہوگا۔

حسن احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی متعدد بار یہی سوچا کہ اگر ان کے بچے اسلام کے بجائے مسیحیت کے پیروکار بنتے ہیں تو کیا ہوگا؟ لیکن انہیں یقین ہے کہ ایسا نہیں ہوگا۔

ساتھ ہی اداکار نے کہا کہ لیکن اتفاق سے اگر ایسا ہوجاتا ہے کہ ان کے بچے مسیحیت کے پیروکار بنتے ہیں تو انہیں بچوں پر غصہ نہیں آئے گا، وہ ان پر برہم نہیں ہوں گے بلکہ ان سے ایسا کرنے کا سبب پوچھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی بڑی ذہین اور دلیلوں کے مطابق زندگی گزارنے والی ہیں، اس لیے وہ اسلام کو چھوڑ کر دوسرے مذہب کی پیروکار نہیں بنیں گے لیکن اگر وہ ایسا کرتی ہیں تو ضرور اس کے پیچھے کوئی نہ کوئی دلیل ہوگی اور وہ بیٹی سے دلیل پوچھیں گے۔

خیال رہے کہ سنیتا مارشل اور حسن احمد نے 2008 میں شادی کی تھی، جوڑے کے دو بچے ہیں، جس میں سے بیٹے کی عمر 15 سال جب کہ بیٹی کی عمر 11 سال ہے۔ جس وقت ان کی شادی ہوئی، اس وقت سنیتا مارشل ماڈلنگ کیریئر کے عروج پر تھیں جب کہ حسن احمد نے اس وقت اداکاری کا آغاز نہیں کیا تھا۔

سنیتا مارشل نے سنہ 2000 میں شوبز میں قدم رکھا تھا، ابتدائی سالوں میں انہوں نے ماڈلنگ میں خوب نام کمایا، بعد ازاں سنیتا نے اداکاری کے میدان میں بھی خوب پذیرائی حاصل کی۔

دونوں کو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے کے باوجود شادی کرنے پر بعض مرتبہ تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے، حسن احمد اسلام جب کہ سنیتا مارشل مسیحیت کی پیروکار ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 اگست 2024
کارٹون : 21 اگست 2024