خدمات کی برآمدات میں مسلسل چوتھے مہینے اضافہ
مئی میں خدمات کی برآمدات میں 7.9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جو کہ مسلسل چوتھی بار ترقی کی شرح میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے جس کی بنیادی وجہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی آمدنی میں اضافہ ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے مرتب کردہ اعداد و شمار کے مطابق برآمدات 68.791 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گئیں جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 63.754 کروڑ ڈالرز تھیں، ماہ بہ ماہ برآمدات میں 6.48 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
روپے کے لحاظ سے، خدمات کی برآمد مئی میں 5.17 فیصد بڑھ کر 191.411 ارب روپے ہو گئی، جو گزشتہ سال کے اسی مہینے میں 182.008 ارب روپے تھی۔
خدمات کی برآمدات مالی سال 2024 کے جولائی تا مئی کے عرصے میں 7.129 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جس میں گزشتہ سال کی اسی مدت میں 7.004 ارب ڈالر کے مقابلے میں 1.80 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
روپے کے لحاظ سے، برآمدات میں 17.94 فیصد کی زبردست بہتری ریکارڈ کی گئی جو کہ 20 کھرب تک پہنچ گئی، جو کہ مالی سال 2023 کے 11 مہینے میں 1.71 ارب روپے سے زیادہ تھی۔
مالی سال 2023 میں، خدمات کی برآمد 7.30 ارب ڈالر رہی، جو سابقہ سال کے 7.10 ارب ڈالر، یا 2.78 فیصد تھی۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق ایکسپورٹرز کے خصوصی فارن کرنسی اکاؤنٹس میں آئی ٹی برآمد کنندگان کی برآمدی آمدنی کے 35 فیصد سے 50 فیصد تک پرمیزیبل ریٹینشن کی حد میں اضافے کی وجہ سے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) کی برآمدات میں 17.4 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، یہ 2024 کے جولائی تا مارچ کے دوران 2.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جو کہ گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 1.9 ارب ڈالرز تھیں۔
ساتھ ہی، خدمات کی درآمد مئی میں 10.11 فیصد کم ہو کر 88.104 کروڑ ڈالرز رہ گئی جو گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں 98.017 کروڑ ڈالر تھی، خدمات کی درآمد 2024 کے 11 مہینوں میں 16.93 فیصد بڑھ کر 9.22 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جو پچھلے سال کی اسی مدت میں 7.89 ارب ڈالر تھی۔
سفری خدمات کی درآمد گزشتہ سال کے 1.1 ارب ڈالر کے مقابلے میں 56 فیصد بڑھ کر 1.7 ارب ڈالر ہوگئی، تجارتی سامان کی درآمدات میں کمی کے باوجود سمندری مال برداری میں اضافہ بحیرہ احمر کے حملوں اور اس سے وابستہ اعلیٰ بیمہ پریمیم کے نتیجے میں شپنگ ریٹس میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔
ری روٹنگ کاروباری خدمات کی لاگت میں بھی جولائی تا مارچ مالی سال 2024 کے دوران 11.2 فیصد اضافہ ہوا اور یہ پچھلے سال کی اسی مدت کے دوران 0.9 ارب ڈالر کے مقابلے میں 1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔
خدمات میں تجارتی خسارہ جولائی تا مئی میں 136.26 فیصد بڑھ کر 2.09 ارب ڈالر تک پہنچ گیا جو پچھلے سال کے اسی مہینوں میں 88.852 کروڑ ڈالر تھا، مئی میں، خدمات میں تجارتی خسارہ 136.26 فیصد کم ہو کر 19.313 کروڑ ڈالر ہو گیا، جو پچھلے سال کے اسی مہینے میں 34.263 کروڑ ڈالر تھا۔