• KHI: Asr 4:17pm Maghrib 5:53pm
  • LHR: Asr 3:32pm Maghrib 5:09pm
  • ISB: Asr 3:31pm Maghrib 5:09pm
  • KHI: Asr 4:17pm Maghrib 5:53pm
  • LHR: Asr 3:32pm Maghrib 5:09pm
  • ISB: Asr 3:31pm Maghrib 5:09pm

عمران خان کو جیل میں سہولیات کیلئے صدر اور وزیراعظم کو خط ارسال

شائع July 6, 2024
—فائل فوٹو: ڈان نیوز
—فائل فوٹو: ڈان نیوز

جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کے لیے صدر پاکستان آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ کی جانب سے لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سہولیات فراہم کی جائیں۔

خط کے متن کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں قانون کے مطابق سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں، انہیں لوگوں سے ملنے نہیں دیا جارہا، بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے۔

خط میں مطالبہ کیا گیا کہ عمران خان کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائے، اگربانی پی ٹی آئی کو جیل میں سہولیات نہ دی گئیں تو اعلی عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔

اس سے قبل، راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی بیٹوں سے بات کروانے کے لیے دائر درخواست پر جیل انتظامیہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8 جولائی تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اگر مجھے انصاف نہ ملا تو میں بھوک ہڑتال کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ میری ٹیم کل مجھ سے ملاقات کے لیے آئی تھی، 3 گھنٹے تک وہ اڈیالہ جیل کے باہر اور میں اندر ان کا انتظار کرتا رہا لیکن مجھے اپنی ٹیم سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر میری پی ٹی آئی ٹیم سے ملاقات ہوتی تو میں ان کے اختلافات ختم کروا دیتا، یہ پاگل ہیں یہ سمجھتے ہیں کہ میری پارٹی کمزور ہوگی انہیں پتا ہی نہیں جس پارٹی کا ووٹ بینک ہو وہ کمزور نہیں ہوتی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ میں جیل سے پارٹی قائدین کو پیغام دے رہا ہوں کہ اپنے اختلافات عوام میں لے کر نہ جائیں، اگر آپ اختلافات عوام میں لے کر جائیں گے تو آپ اپنے اصل مقصد سے ہٹ جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 30 دسمبر 2024
کارٹون : 29 دسمبر 2024