• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون کی آمد، پنجاب کے کئی شہروں میں بارش

شائع July 6, 2024
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

ملک کے بیشتر حصوں میں مون سون کی آمد کے بعد موسم تبدیل ہوگیا، اسلام آباد سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بارش سے حبس اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالا، جہلم اور پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں شدید بارش کے بعد نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر 5 فٹ شگاف پڑگیا اور گوالمنڈی پل پر پانی کا بہاؤ 4 فٹ تک پہنچ گیا، جس کے بعد راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

مری، جہلم، مریدکے، اٹک اور وزیرآباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز بارش کے بعد سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

گوجرانوالہ کے میڈیکل کالج ٹیچنگ اسپتال کے وارڈ میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا، اٹک شہر اور گردونواح میں بارش کے باعث کئی فیڈر ٹرپ کرگئے جس سے شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔

لاہور میں شہرکے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سےجاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگی ہیں۔

لاہور میں سب سے زیادہ بارش فرخ آباد شاہدرہ میں 45 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ گلشن راوی میں 42، مغل پورہ میں40، لکشمی چوک میں 39، تاجپورہ میں37 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جب کہ مون سون بارشوں کا یہ اسپیل 7 جو لائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانولہ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔

سندھ میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ مون سون ہوائیں آج شام مشرقی سندھ میں داخل ہوں گی جس کے بعد تھرپارکر، عمرکوٹ، سکھر، لاڑکانہ، قمبراورشہداد کوٹ میں بارش کا امکان ہے، جب کہ 8 اور 9 جولائی کو کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، فضا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے اور گرمی کی شدت 38 ڈگری تک محسوس کی جارہی ہے۔

آزاد کشمیر میں طوفانی بارش

دوسری جانب، آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد، سماہنی، میرپور، ڈڈیال، جاتلاں اور منگلا میں آندھی اور جھکڑ کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی، آندھی کے باعث بجلی کے پول اور درخت جڑوں سے اکھڑگئے، جس سے بجلی کا نظام متاثر ہوگیا۔

ادھر، محکمہ موسمیات نے پشاور میں اربن فلڈنگ اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں سے لینڈسلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے کل تک موسلادھار بارش سے پہاڑی علاقوں میں ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے، جب کہ شمال مشرقی بلوچستان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024