• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

شائع July 4, 2024
یونس خان اور مصباح نے 90 رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: اسکرین شاٹ
یونس خان اور مصباح نے 90 رنز کی شراکت قائم کی— فوٹو: اسکرین شاٹ

ریٹائرڈ اور سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز کے میچ میں پاکستان چیمپیئنز نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

آسٹریلیا چیمپیئنز کے اوپنرز ایرون فنچ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور شان مارش کے ہمراہ اپنی ٹیم کو صرف 7.3 اوورز میں 69 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

پاکستان کو پہلی کامیابی سعید اجمل نے دلائی جنہوں نے 20 گیندوں پر 16 رنز بنانے والے شان مارش کو چلتا کردیا۔

دوسرے اینڈسے ایرون فنچ نے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھااور نصف سنچری اسکور کی اور 40 گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

اننگز کا 19واں اوور کرانے والے شاہد آفریدی کے ایک اوور میں 3 چھکوں سمیت 27 رنز بنے جس کی بدولت آسٹریلیا چیمپیئنز نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈنک نے 27، کلم فرگیوسن نے 26 اور نیتھن کاؤلٹر نائیل نے 25 رنز کی باریاں کھیلیں۔

پاکستان کی جانب سے شعیب ملک اور شاہد آفریدی نے دو، دو وکٹیں لیں۔

پاکستان چیمپیئنز کی ٹیم اننگز کی ابتدا میں ہی دونوں اوپنرز کامران اکمل اور شرجیل خان کی وکٹیں 24 رنز پر گنوا بیٹھی۔

صہیب مقصود اور شعیب نے دوسری وکٹ کے لیے 37 رنز کی ساجھے داری بنائی لیکن صہیب 21 اور پھر شعیب ملک 23 رنز بنا کر چلتے بنے۔

79 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد یونس خان اور مصباح الحق پر مشتمل مشہور جوڑی نے میدان سنبھالا اور روایتی انداز میں شاندار کھیل پیش کرتے پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے۔

یونس اور مصباح نے پانچویں وکٹ کے لیے 90 رنز کی شراکت قائم کی جس کا خاتمہ اس وقت ہوا جب یونس خان 41 گیندوں پر 63 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

پاکستان چیمپیئنز نے دو گیندوں قبل ہدف حاصل کر کے میچ میں 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی، مصباح الحق نے 30 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔

آسٹریلیا چیمپیئنز کی جانب سے بریٹ لی اور کاؤلٹر نائیل نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024