• KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دے دی

شائع July 4, 2024
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دے دی، این او سی جاری ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عامر مسعود مغل کی درخواست نمٹا دی۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کیس کی سماعت کی، دوارن سماعت سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پی ٹی آئی کو ترنول چوک کے پاس 6 جولائی کو جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

اس پر وکیل درخواستگزار شعیب شاہین نے کہا کہ 26 جون کو عدالتی حکم پر درخواست گزار کی ڈپٹی کمشنر سے ملاقات ہوئی، ڈپٹی کمشنر نے این او سی جاری کرنے کا کہا، 26 جون سے کل تک ڈپٹی کمشنر سے 20 دفعہ رابطہ کیا گیا۔

جسٹس بابر ستار نے پی ٹی آئی وکیل سے استفسار کیا کہ ضلعی انتظامیہ نے آپ کو جلسے کی اجازت تو دے دی ہے، ہر بات پر جھگڑا تو نہیں کر سکتے۔

وکیل نے جواب دیا کہ ہمیں این او سی نہیں دیا گیا بلکہ آج ایک دن پہلے عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے، ہمیں جلسے کی تیاری کے لیے وقت ہی نہیں دیا گیا۔

اس پر جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ چلیں آپ تو بڑی پارٹی ہیں، کچھ گھنٹوں میں ہی لوگوں کو نکال لیں گے، آپ کیا کہتے ہیں ڈپٹی کمشنر اب لوگوں کو بھی نکال کر لائے؟

بعد ازاں عدالت نے این او سی جاری کرنے پر درخواست نمٹادی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب نے کہا تھا کہ 6 جولائی کو اسلام آباد میں تاریخی جلسہ کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ 6 جولائی کو اسلام آباد میں بہت بڑا جلسہ کرنے جا رہے ہیں، جلسہ عمران خان کی رہائی کے لیے اور مہنگائی کے خلاف ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ 6 جولائی کو اسلام آباد میں جلسہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارم سے ہوگا، عوام اپنے مستقبل کے تحفظ کے لیے ہر صورت اس میں شرکت کریں۔

کارٹون

کارٹون : 6 جنوری 2025
کارٹون : 5 جنوری 2025