• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

این اے 130: نواز شریف کی کامیابی کیخلاف درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب

شائع July 4, 2024
فائل فوٹو
فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ کے الیکشن ٹربیونل نے این اے 130 پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی کامیابی کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرلیے۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس انوار حسین نے بطور الیکشن ٹربیونل درخواست پر سماعت کی، ڈاکٹر یاسمین راشد نے نواز شریف کی کامیابی کو چیلنج کر رکھا ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس انوار حسین نے وکیل درخواستگزار سے استفسار کیا کہ کیا اس میں نوٹس ہو چکے ہیں ؟ وکیل نے جواب دیا کہ نہیں ابھی تک اس میں نوٹس نہیں ہوئے۔

بعد ازاں الیکشن ٹربیونل نے این اے 130 پر سابق وزیر اعظم نواز شریف کی کامیابی کے خلاف دائر درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ستمبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ 16 اپریل کو پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی این اے 130 سے انتخابی کامیابی کو لاہور ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردیا تھا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے وکیل احمد اویس اور رانا مدثر ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے قانون کے منافی نواز شریف کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف لاہور کے حلقہ این اے 130 سے دھاندلی کے ذریعے کامیاب قرار پائے، نواز شریف فارم 45 کے مطابق ہار چکے تھے، مگر فارم 47 کے ذریعے انہیں جتوا دیا گیا، استدعا کی کہ الیکشن ٹربیونل نواز شریف کی کامیابی کو کالعدم قرار دے۔

یاد رہے کہ 10 فروری کو لاہور کے حلقہ این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا تھا۔

13 فروری کو لاہور ہائی کورٹ نے یاسمین راشد کی این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کے خلاف دائر درخواست نمٹا دی تھی۔

جسٹس علی باقر نجفی نے ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے درخواست گزار کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔

14 فروری کو الیکشن کمیشن نے این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

یاد رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات میں این اے 130 لاہور سے نواز شریف ایک لاکھ 79 ہزار 310 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ امیدوار یاسمین راشد ایک لاکھ 4 ہزار 485 ووت لے کر دوسرے نمبر پر تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024