رکن ممالک کی پاکستان میں شیڈول چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے آئی سی سی کو یقین دہانی

شائع July 3, 2024 اپ ڈیٹ July 4, 2024
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارتی میڈیا نے دعوٰی کیا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں شرکت کے لیے تمام رکن ممالک نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروا دی ہے لیکن ایونٹ میں بھارتی ٹیم کی شرکت اور دورہ پاکستان حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق آئی سی سی بورڈ ممبر نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں دعوٰی کیا کہ چیمپئنز ٹرافی 19فروری سے 9مارچ تک منعقد کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایونٹ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ یکم مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں رکھا گیا ہے اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے تمام میچز ایک ہی وینیو لاہور میں رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کے تمام ممبرز ممالک نے کھیل کی عالمی گورننگ باڈی نے چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تاہم رکن ممالک کی آئی سی سی کو یقین دہانی کے باوجود بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان حکومتی اجازت سے مشروط ہے۔

ذرائع کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی کے گروپ اے میں پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور افغانستان کو رکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان نے کرنی ہے لیکن بھارتی ٹیم کی ایونٹ میں شرکت پر اب بھی سوالیہ نشان برقرار ہے۔

بھارتی بورڈ کے لیے مشکل یہ ہے کہ اب دیگر بورڈ کی جانب سے یقین دہانی کے بعد اب بورڈ اس معاملے میں تنہا رہ گیا ہے اور چاہ کر بھی ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان آنے سے انکار نہیں کر سکتا۔

بھارتی بورڈ اس وجہ سے بھی انکار کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہے کیونکہ 2023 میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے قومی ٹیم نے بھارت کا سفر کیا تھا اور 2026 میں ہونے والا ٹی20 ورلڈ کپ بھی مشترکہ طور پر بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ہے اور اگر بھارتی ٹیم اس ایونٹ کے لیے پاکستان نہیں آتی تو اگلے سال شیڈول ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان کو بھی قائل نہیں کیا جا سکے گا۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024