• KHI: Fajr 4:21am Sunrise 5:49am
  • LHR: Fajr 3:27am Sunrise 5:05am
  • ISB: Fajr 3:22am Sunrise 5:05am
  • KHI: Fajr 4:21am Sunrise 5:49am
  • LHR: Fajr 3:27am Sunrise 5:05am
  • ISB: Fajr 3:22am Sunrise 5:05am

اسلام آباد داخلے سے روکا گیا تو ہمارے پاس پلان ’بی‘ اور ’سی‘ موجود ہے، حافظ نعیم

شائع July 2, 2024
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن چاہتے ہیں کہ نئے الیکشن پر نئی ڈیل ہو — فوٹو: ڈان نیوز
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن چاہتے ہیں کہ نئے الیکشن پر نئی ڈیل ہو — فوٹو: ڈان نیوز

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد داخلے سے روکا گیا تو ہمارے پاس پلان ’بی‘ اور ’سی‘ موجود ہے، اسلام آباد جلاؤ گھیراؤ یا گولی کے لیے نہیں اپنا حق لینے جا رہے ہیں۔

لاہور میں تقریب سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ شہباز شریف قوم کو ریلیف دیں اس سے پہلے کہ قوم بپھر جائے اور جانے کا راستہ بھی نہ ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دھرنے پر بیٹھیں گے اور اٹھنے کی صرف ایک شرط ہوگی کہ عوام کو ریلیف دیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد داخلے سے روکا گیا تو ہمارے پاس پلان ’بی‘ اور ’سی‘ موجود ہے، کسی سیاسی جماعت کے ساتھ نہیں عوام سے اتحاد کر لیا ہے اور انہی سے مل کر دھرنا دیں گے، جبکہ اسلام آباد جلاؤ گھیراؤ یا گولی کے لیے نہیں اپنا حق لینے جا رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن چاہتے ہیں کہ نئے الیکشن پر نئی ڈیل ہو اور وہ اربوں روپے الیکشن پر لگانا چاہتے ہیں، جب فارم 45 ہے تو کیوں الیکشن کروائیں، فراڈ کے نتیجے میں مخصوص اور خیراتی سیٹوں کو کیسے قبول کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں آئی ایم ایف راضی نہیں ہوا اب تو اور گیس، بجلی کی قیمتیں بڑھائیں گے، گیس و بجلی کی قیمت تو بڑھا دی اب یہ سلسلہ نہیں رکے گا، آٹے چینی دال پر بھی ٹیکس لگا کر وزیر اعظم کہتے ہیں مہنگائی کم ہوگئی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہ ہمارا ملک ہے، فوج اور بیوروکریسی عوام سے ہوتے ہیں، ہمیں امپائر کی انگلی کا انتظار نہیں، سب اداروں کو تعاون کرنا ہوگا خواہ وہ اسلام آباد سے ہویا راولپنڈی ہو۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا تھا کہ بجلی و پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے خلاف 12 جولائی کو اسلام آباد میں عظیم الشان دھرنا دیں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک گیر ہڑتال پر مشاورت کر رہی ہے، حکومت کو ظالمانہ ٹیکس ختم کرنے پر مجبور کردیں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ملک بھر میں شدید بحران ہے، بجلی کے بل بجلی بموں کی صورت میں عوام پر گرے ہیں، خواتین اپنے زیورات بیچ کربجلی کے بل دے رہی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 7 جولائی 2024
کارٹون : 5 جولائی 2024