• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

بھارت: اترپردیش میں منعقدہ مذہبی اجتماع میں بھگدڑ مچنے سے 116افراد ہلاک

شائع July 2, 2024
بھگدڑ سے مرنے والوں کی لاشیں ہسپتال کے باہر رکھی ہوئی ہیں— فوٹو: اے ایف پی
بھگدڑ سے مرنے والوں کی لاشیں ہسپتال کے باہر رکھی ہوئی ہیں— فوٹو: اے ایف پی

بھارتی ریاست اترپردیش میں مذہبی اجتماع ’ست سنگ‘ کے دوران بھگدڑ مچنے سے 116 افراد ہلاک ہو گئے جس میں سے اکثریت خواتین کی ہے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

بھارتی خبر رساں ادارے انڈیا ٹوڈے کے مطابق مرنے والوں کی لاشوں کو ہتھراس کے ساتھ ساتھ قریبی ضلع ایتاہ کے ہسپتال میں لے جایا گیا۔

علی گڑھ کے انسپکٹر جنرل شلبھ ماتگھُر نے تصدیق کی کہ واقعے میں 116 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے 27 اموات ضلع ایتاہ میں ہوئیں جبکہ واقعے میں 18 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ست سنگ‘ کے منتظمین کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی کیونکہ اجتماع میں جتنے لوگوں کی شرکت کی اجازت دی گئی تھی، وہاں اس سے زیادہ تعداد میں لوگ موجود تھے اور اس سلسلے میں اعلیٰ سطح کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔

سینئر پولیس افسر راجیش کمار سنگھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھگدڑ ہتھراس ضلع کے گاؤں میں جاری ’ست سنگ‘ کے دوران مچی جس کا اہتمام مانو منگل ملن ساد بھاونا سماگم کمیٹی نے کیا تھا۔

ایک عینی شاہد نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہم ’ست سنگ‘ کے لیے آ رہے تھے جہاں بہت بھیڑ تھی، جب ’ست سنگ‘ ختم ہوا تو ہم نے وہاں سے نکلنا شروع کیا، وہاں سے نکلنے کا راستہ تنگ تھا، جب ہم نے گاؤں کی طرف سے باہر نکلنے کی کوشش تو ایک بھگدڑ مچ گئی اور ہمیں کچھ سمجھ نہیں آیا کہ کیا کرنا ہے، وہاں کئی لوگ مارے گئے۔

ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ جب ’ست سنگ‘ ختم ہوا تو سب نے باہر کا رخ کیا، باہر جو سڑک بنائی گئی تھی وہ اونچائی پر تھی اور نیچے نالا بہہ رہا تھا، لوگ ایک کے بعد ایک اس میں گرتے رہے اور کچلے گئے۔

بھارت کی صدر دروپدی مورمو اور وزیر اعظم نریندر مودی نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی صدر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام میں کہا کہ اترپردیش کے ہاتھرس ضلع میں ہونے والے حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت کئی عقیدت مندوں کی موت کی خبر نے دل کو دہلا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اس حادثے میں اپنے پیاروں کو کھو دینے والوں سے تعزیت کرتی ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ہاتھرس میں ایک المناک حادثے کی خبر مل رہی ہے، میں حادثے میں جانیں گنوانے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست اتر پردیش کی حکومت ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے اور مرکزی حکومت سے رابطے میں ہے، متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔

نریندر مودی نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 2 لاکھ اور زخمیوں کے فی کس 50ہزار روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ اتر پردیش کے ہاتھرس میں ہونے والے المناک حادثے پر بہت دکھ ہے اور میں حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024