• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور

شائع July 2, 2024
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بانی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔

احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز اسکینڈل ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کی۔

اس موقع پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی جانب سے وکلا سلمان صفدر، ظہیر عباس چوہدری اور عثمان ریاض گل عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کی جانب سے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی، امجد پرویز، عرفان بھولا اور دیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دوران سماعت وکلا کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی۔

پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر نے ضمانت کی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں اور نہ ہی ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں اس لیے درخواست نہیں بنتی، مزید کہا کہ 31 اکتوبر 2023 کو بھی ہم نے کہا تھا کہ بشریٰ بی بی کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں ہوئے۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے ضمانت کی درخواست پر سلمان صفدر نے دلائل دیئے، عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو مختصر وقفے کے بعد سناتے ہوئے بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔

دوران سماعت وکلا صفائی کی جانب سے نیب کے مزید تین گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کر لی گئی، بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 5 جولائی تک ملتوی کر دی۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مجموعی طور پر 30 گواہان کے بیانات قلمبند جبکہ 27 پر جرح مکمل کر لی گئی ہے۔

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کا پس منظر

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس ’القادر ٹرسٹ کیس‘ میں الزام لگایا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض بحریہ ٹاؤن لمیٹڈ سے اربوں روپے اور سینکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔

یہ کیس القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ذریعے 140 ملین پاؤنڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔

عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا، رقم (140 ملین پاؤنڈ) تصفیہ کے معاہدے کے تحت موصول ہوئی تھی اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جانا تھا لیکن اسے بحریہ ٹاؤن کراچی کے 450 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں ایڈجسٹ کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024