• KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm
  • KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:19pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 5:03pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 5:12pm

لکی موٹر نے اسٹانک کی قیمت 7 لاکھ 33 ہزار روپے بڑھا دی

شائع July 2, 2024
— فوٹو: ویب سائٹ / لکی موٹرز
— فوٹو: ویب سائٹ / لکی موٹرز

اپریل کے آخری ہفتے میں 15 لاکھ 13 ہزار روپے کی ریکارڈ کمی کے بعد لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ نے کیا اسٹونک کی قیمت میں 7 لاکھ 33 ہزار روپے کا اضافہ کر دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے اسٹونک کی قیمت 62 لاکھ 80 ہزار روپے سے کم کر کے 47 لاکھ 67 ہزار روپے کر دی تھی، جس سے گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ ہو گیا تھا، بُلند قیمت اور مارکیٹ میں شدید مسابقت کے سبب گاڑی کی طلب کم تھی، اسٹونک گاڑی کی قیمت میں نظرثانی کرکے اسے بڑھا کر 55 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔

لکی موٹر نے بتایا کہ اسے اسٹونک ای ایکس پلس پر پانچ سالہ جشن کی محدود مدت کی پیشکش پر زبردست ردعمل ملا ہے، تاہم توقع سے زیادہ طلب کے نتیجے میں کمپنی کے پاس اسٹاک کی صورتحال کی وضاحت کے لیے بکنگ کو عارضی طور پر معطل کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں۔

کمپنی نے مذکورہ گاڑی کی ڈیلیوری کے لیے دسمبر اور اس کے بعد کی بکنگ کو بھی دوبارہ کھول دیا، بکنگ 25 لاکھ روپے کی جزوی ادائیگی کے ساتھ قبول کی جائے گی۔

دسمبر اور جنوری 2025 کی ڈیلیوری کے لیے جزوی ادائیگی کے ساتھ بک کیے گئے آرڈرز کے لیے پرائس لاک ہو گا، یہ لاک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی (آج کے موجودہ اسپاٹ ریٹ پر 2 فیصد) یا گاڑی کی ڈیلیوری کے وقت لاگو وفاقی اور صوبائی بجٹ 2025 میں عائد ڈیوٹیوں، ٹیکسوں اور لیویز میں کسی بھی اضافے سے مشروط ہے، جو گاڑی کی ڈیلیوری سے پہلے خریدار کو برداشت کرنا پڑے گا۔

29 اپریل کو استونک کی قیمتوں میں کمی کے وقت کمپنی نے کیش سے بھرپور سرمایہ کاروں، صارفین اور کیا کے ڈیلرز سے بلک بکنگ کرنے کے بعد صرف چند دنوں میں اربوں روپے جمع کرلیے تھے، کمپنی نے طلب اور رسد کے فرق کو پورا کرنے اور صارفین کو گاڑیوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے 3 مئی کو ستمبر تک کی ڈلیوری کے لیے بکنگ بند کر دی تھی۔

آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایچ ایم شہزاد نے دعویٰ کیا تھا کہ لکی موٹر کی جانب سے قیمت میں تنزلی کا فائدہ صارفین کو نہیں ہوا تھا، بلکہ سرمایہ کار اور مجاز ڈیلرز نے بلک بکنگ کرکے 8 لاکھ روپے کا پریمیم یا ’آن منی‘ کمائی۔

لکی موٹر نے پیداوار اور فروخت کا ڈیٹا جاری نہیں کیا، اس لیے فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا کہ 29 اپریل سے 3 مئی تک قیمتوں میں زبردست کمی کے بعد اسٹونک کی کتنی گاڑیوں کی بکنگ کی گئی، تاہم ذرائع نے بتایا کہ اگر 600 گاڑیاں مکمل قیمت پر بک کی گئیں تو کمپنی کو 2 ارب 80 کروڑ روپے ملے، حتی کہ 2 لاکھ 35 ہزار روپے سے بکنگ کی صورت میں بھی کمپنی نے ایک ارب 40 کروڑ روپے جمع کیے۔

کارٹون

کارٹون : 5 جولائی 2024
کارٹون : 4 جولائی 2024