راولپنڈی: گنجمنڈی دھماکے میں ملوث 2 مجرموں کو تین، تین بار سزائے موت کا حکم
راولپنڈی میں گنجمنڈی پولیس اسٹیشن کے بالمقابل 2020 میں ہونے والے بم دھماکے میں 2 مجرموں کو سزائے موت سنا دی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک کے جج ملک اعجاز آصف نے سماعت مکمل ہونے کے بعد سنایا۔
عدالت نے ساڑھے تین سال قبل گنجمنڈی پولیس اسٹیشن کے باہر ہونے والے بم دھماکے میں گرفتار دو مجرموں نصرت خان اور عادل خان کو جرم ثابت ہونے پر تین، تین بار سزائے موت کی سزا سنا دی۔
انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7۔اے ٹی اے کے تحت درج ایف آئی کے تحت ملزمان کو مجموعی طور پر 23 سال قید کی سزا بھی سنائی گئی جبکہ اس کے علاوہ 5 لاکھ روپے معاوضہ اور ساڑھے 4 لاکھ جرمانے کی ادائیگی کا حکم بھی دیا گیا۔
بم دھماکے میں یاسمین نامی خاتون جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے اور دھماکے کی تحقیقات کے بعد تھانہ سی ٹی ڈی پولیس نے دونوں مجرمان نصرت خان اور عادل خان کو گرفتار کیا تھا۔
عدالتی فیصلے کے بعد دونوں مجرموں کو ہتھکڑیوں میں جکڑ کر اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا۔
فیصلے میں عدالت نے قراردیا کہ یہ انتہائی گھناوٴنا جرم ہے لہٰذا دونوں مجرموں کو اس وقت تک پھانسی کے پھندے پر لٹکائے رکھا جائے جب تک موت کی تصدیق نہ ہو جائے۔
تھانہ گنجمنڈی کے قریب دھماکا 13 دسمبر 2020 میں ہوا تھا اور پولیس نے مجرمان سے بھاری تعداد میں بارود بھی برآمد کیا تھا۔