یوروز 2024ء: آخری منٹ میں بیلنگہم کا شاندار گول، انگلینڈ کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
یورپیئن چیمپیئن شپ (یوروز) 2024ء میں انگلینڈ اور سلوواکیہ کے درمیان کھیلے جانے والے سنسنی خیز میچ میں جوڈ بیلنگہم کے آخری منٹ میں اسکور کیے جانے والے شاندار گول کی بدولت انگلینڈ نے کوارٹر فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کرلی۔
انگلینڈ اور سلوواکیہ کے درمیان میچ 1-1 گول سے برابر تھا، ایسے میں اضافی وقت کے پانچویں منٹ میں 21 سالہ انگلش کھلاڑی جوڈ بیلنگہم نے بائی سائیکل کک کے ذریعے شاندار گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔
میچ کے پہلی ہاف میں سلوواکیہ کی ٹیم حاوی نظر آئی جبکہ پہلے ہاف کے اختتام پر انہیں ایک گول کی برتری بھی حاصل تھی لیکن اختتام لمحات 90 منٹ میں انگلینڈ کے ہیری کین نے گول اسکور کرکے مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا جس کے بعد اضافی وقت ملا اور ریال میڈریڈ کے اسٹار فٹبالر جوڈ بیلنگہم نے فیصلہ کُن گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا۔
بیلنگہم کی جانب سے اسکور کیے جانے والے اس گول کو ابھی سے ہی فٹبال شائقین ٹورنامنٹ کا بہترین گول قرار دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 15 جون سے جرمنی میں یوروز 2024ء کے مقابلوں کا آغاز ہوا، ہر چار سال بعد منعقد ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں یورپ کی 24 فٹبال ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جبکہ ٹورنامنٹ کا فائنل 15 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
یوروز 2024ء کے پری کوارٹر فائنل کے میچز اپنے اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں جن کے ساتھ ہی کوارٹر فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کرنے والی ٹیموں کے نام بھی سامنے آرہے ہیں۔
اب تک 4 یورپی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرچکی ہیں جن میں اسپین، انگلینڈ، سوئٹزرلینڈ اور میزبان ملک جرمنی شامل ہیں جبکہ مزید 4 ٹیموں کون سی ہوں گی، اس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہیں۔
اسپین اور جرمنی کے درمیان کوارٹر فائنل میچ 5 جولائی کو رات 9 بجے کھیلا جائے گا جبکہ انگلینڈ اور سوئٹزرلینڈ کی ٹیمیں 6 جولائی کو آمنے سامنے آئیں گی۔