• KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm
  • KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm

شمالی کوریا کا 2 بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ، ایک میزائل فضا میں ہی پھٹ گیا

شائع July 1, 2024
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

امریکا، جاپان اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کے بعد شمالی کوریا نے دو بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا لیکن ایک میزائل فضا میں ہی پھٹ کر تباہ ہوگیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ پیانگ یانگ کی جانب سے ہماری مشترکہ فوجی مشقوں پر سنگین نتائج کی دھمکی دینے کے اگلے ہی روز شمالی کوریا نے مختصر فاصلے تک مارکرنے والے 2 بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا۔

جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف نے کہا کہ شمالی کوریا نے دونوں میزائل 10 منٹ کے فرق سے داغے، پہلا میزائل 5 بجکر 5 منٹ پر داغا گیا جس نے 600 کلو میٹر تک پرواز کی لیکن دوسرا میزائل 120 کلو میٹر کا سفر ہی طے کرسکا۔

جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ شمالی کوریا کی جانب سے لانچ کیے گئے دوسرے میزائل کے ابتدائی مرحلے میں ہی خرابی نوٹ کی گئی، اور اگر میزائل فضا میں ہی تباہ ہوا ہے تو یقینی طور پر یہ شمالی کوریا کے اندرونی علاقوں میں گرا ہوگا۔

ترجمان سے جب سوال کیا گیا کہ آیا شمالی کوریا کے تازہ ترین تجربات کا مقصد یہ میزائل روس کو فراہم کرنا ہے؟ انہوں نے اس پر جواب دینے سے انکار کردیا۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیاروں اور میزائل پروگراموں کی وجہ سے برسوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی سخت پابندیوں کا شکار ہے جب کہ روس یوکرین پر حملے پر امریکا اور اس کے مغربی شراکت داروں کی طرف سے پابندیوں کا سامنا کر رہا ہے۔

شمالی کوریا پر الزام ہے کہ وہ یوکرین جنگ میں روس کو ہتھیار فراہم کررہا ہے، اس سلسلے میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے گزشتہ ماہ 24 سال بعد میں شمالی کوریا کا دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے کم جونگ ان سے ملاقات کرکے اتحاد کا مظاہرہ کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 5 جولائی 2024
کارٹون : 4 جولائی 2024