پاکستان کے حمزہ خان نے ایشین جونیئراسکواش چیمپئن شپ جیت لی
ٹاپ سیڈ پاکستان کے حمزہ خان نے اسلام آباد میں ہونے والی 31ویں ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ جیت لی، پاکستان کے سہیل عدنان نے انڈر 13 کا فائنل جیتنے میں کامیاب رہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ایشین جونیئر اسکواش چیمپئن شپ میں انڈر 19 کا فائنل ٹاپ سیڈ حمزہ خان اور نمبر تین سیڈ ملائیشیا کے حارث دانیال کے درمیان ہوا جس میں پاکستانی کھلاڑی نے با آسانی کامیابی حاصل کرلی، ٹاپ سیڈ حمزہ خان کی جیت کا اسکور 5-11، 10-12 اور 9-11 رہا۔
انڈر 17 کے فائنل میں پاکستان کے عبداللہ نواز کو ملائیشیا کے نکھلیسور کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، عبداللہ کو شروع میں 0-2 کی برتری حاصل تھی لیکن پھر ملائیشیا کے کھلاڑی نے کم بیک کرتے ہوئے عبداللہ کو 2-3 سے شکست دی۔
اس کے علاوہ انڈر 13 کا فائنل پاکستان کے سہیل عدنان نے جیت لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اس ایونٹ کے دوران 2 گولڈ، 2 سلور اور 4 برانز میڈل جیتے، ملائشیا نے 3، بھارت نے 2 اورہانگ کانگ ایک ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہا۔