• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm

عمران خان، فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن و کمشنر کے مقدمے پر سماعت ملتوی

شائع June 26, 2024
— فائل/فوٹو: ریڈیو پاکستان
— فائل/فوٹو: ریڈیو پاکستان

الیکشن کمیشن نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق نثار محمد درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن سماعت کررہا ہے، عمران خان کے وکیل شعیب شاہین کمیشن کے سامنے پیش ہوئے تاہم فواد چوہدری آج بھی کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے، فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری کے معاون کمیشن کے روبرو پیش ہوئے۔

عمران خان کے وکیل نے کمیشن کو بتایا کہ ہمیں نوٹس موصول نہیں ہوا، میڈیا سے پتا چلا ہے، ممبر کمیشن نے ریمارکس دیے کہ ہوسکتا ہے نوٹس عمران خان کے گھر گیا ہو۔

وکیل نے جواب دیا کہ کم از کم کونسل کو تو خود جانا چاہیے تھا، بنی گالہ میں تو کوئی نہیں دونوں میاں بیوی جیل میں ہیں۔

اس پر ممبر خیبرپختونخوا نے کہا کہ نوٹس بنی گالہ کے ایڈریس پر ہی بھیجا ہے۔

بعد ازاں کمیشن نے وکیل شعیب شاہین سے دریافت کیا کہ ہائی کورٹ میں آپ کی رٹ کا کیا بنا؟ وکیل نے جواب دیا کہ ہائی کورٹ میں معاملہ زیر سماعت ہے، عدالت نے کمیشن کو فائنل آرڈر جاری کرنے سے روکا ہے، اگر کمیشن جیل ٹرائل نہیں کرتا تو پروڈکشن آرڈر کے بغیر کیس کیسے آگے چلے گا؟ انہوں نے استدعا کی کہ یا تو عمران خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں یا ان کا جیل ٹرائل کیا جائے۔

اس پر ممبر کمیشن نے وکیل سے دریافت کیا کہ آپ کو کونسی تاریخ سوٹ کرتی ہے؟ وکیل شعیب شاہین نے جواب دیا کہ محرم کے بعد کی کوئی تاریخ رکھ لیں، کمیشن نے ریمارکس دیے کہ اس کیس کو تین سال ہو گئے ہیں، اس پر شعیب شاہین نے بتایا کہ ہمارے ساتھ جو ہوا ہے اب اس کیس کی گنجائش نہیں بنتی، ممبر سندھ نے استفسار کیا کہ جو ہمارے ساتھ ہوا ہے اس کا کیا؟

وکیل نے جواب دیا کہ آپ کے ساتھ زبانی کلامی ہوا جو بھی ہوا، میں نے دہشت گردی کے کیسز بھگتے ہیں ، میں ایک لاکھ ووٹ لے کر کامیاب ہوا لوگوں نے مجھے ووٹ دیے۔

بعد ازاں کمیشن نے عمران خان کے خلاف کیس کی مزید سماعت 11 جولائی تک ملتوی کردی۔ اسی دوران فواد چوہدری کی جانب سے ان کے وکیل فیصل چوہدری کمیشن کے سامنے پیش ہوگئے۔

اس پر وکیل عمران خان نے کہا کہ ہم چھلاوے نہیں ہین جو ایک ہی وقت میں کئی جگہ پر پیش ہوسکیں۔

اسی کے ساتھ کمیشن نے فواد چوہدری کے خلاف بھی کیس کی سماعت 11 جولائی تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ 20 جون کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیراعظم عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور توہین چیف الیکشن کمشنر کیسز سماعت کے لیے مقرر ہوگئے تھے۔

3 جنوری کو توہین الیکشن کمیشن وچیف الیکشن کمشنر کیس میں الیکشن کمیشن عمران خان اور فواد چودھری پرفرد جرم عائد کرچکا ہے۔

30 دسمبر 2023 کو فواد چوہدری کی جانب سے توہین الیکشن کمیشن کیس میں اوپن ٹرائل کی استدعا کی تھی۔

پس منظر

اگست 2022 میں الیکشن کمیش نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو مختلف جلسوں، پریس کانفرنسز اور متعدد انٹرویوز کے دوران الزمات عائد کرنے پر الیکشن کمیشن کی توہین اور ساتھ ہی عمران خان کو توہین چیف الیکشن کمشنر کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے نوٹس میں عمران خان کے مختلف بیانات، تقاریر، پریس کانفرنسز کے دوران اپنے خلاف عائد ہونے والے بے بنیاد الزامات اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کے خلاف استعمال ہونے والے الفاظ، غلط بیانات و من گھڑت الزامات کا ذکر کرتے ہوئے عمران خان کو 30 اگست کو اپنے جواب کے ساتھ کمیشن میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو توہین الیکشن کمیشن کے نوٹسز جاری کیے ہیں اور کہا گیا ہے کہ 30 اگست کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہوں۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ پیمرا کے ریکارڈ کے مطابق عمران خان نے 11 مئی، 16 مئی، 29 جون، 19، 20 جولائی اور 7 اگست کو اپنی تقاریر، پریس کانفرنسز اور بیانات میں الیکشن کمیشن کے خلاف مضحکہ خیز اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کی، توہین آمیز بیانات دیے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے جو براہ راست مرکزی ٹی وی چینلز پر نشر ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو مخاطب کرکے نوٹس میں مزید کہا تھا کہ آپ نے 12 جولائی کو بھکر میں ہونے والے جلسے میں خطاب کیا جو ’اے آر وائی‘ پر نشر ہوا اور ساتھ ہی اگلے دن روزنامہ ’ڈان‘ میں شائع ہوا، جس میں آپ نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز باتیں کیں اور ان پر من گھڑت الزامات عائد کیے۔

کارٹون

کارٹون : 15 نومبر 2024
کارٹون : 14 نومبر 2024