پنجاب بھر میں آج سے یکم جولائی تک بارشوں کا الرٹ جاری
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب بھر میں آج سے یکم جولائی تک بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں 26جون تا یکم جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالا اور نارووال میں اربن فلڈنگ کا اندیشہ ہے، اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید طوفان اور کہیں ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آج سے یکم جولائی تک بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بحیرہ عرب، خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
مزید پیش گوئی کی کہ کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے جبکہ اسلام آباد، بلوچستان، پنجاب، خیبر پختونخوا میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔