• KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm
  • KHI: Maghrib 5:51pm Isha 7:12pm
  • LHR: Maghrib 5:06pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:06pm Isha 6:35pm

ٹی20 ورلڈ کپ میں آسٹریلیا ناکام، ناقابل شکست بھارت سیمی فائنل میں پہنچ گیا

شائع June 24, 2024
روہت شرما نے 8 چھکوں کی مدد سے 92رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
روہت شرما نے 8 چھکوں کی مدد سے 92رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت نے کپتان روہت شرما اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

سینٹ لوشیا کے ڈیرن سیمی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جسے روہت شرما نے جارحانہ بیٹنگ سے غلط ثابت کر دکھایا۔

بھارت کو اننگز کی ابتدا میں اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب ویرات کوہلی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

لیکن دوسرے اینڈ سے روہت شرما نے آسٹریلین باؤلرز کی خوب خبر لی جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب بھارتی کپتان نے ففٹی مکمل کی تو بھارت کا اسکور صرف 52 رنز تھا۔

بھارت کو دوسرا نقصان اس وقت پہنچا جب 93 کے مجموعے پر ریشابھ پنت 15 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔

روہت شرما سنچری کی جانب گامزن تھے لیکن ان کی 41 گیندوں پر 8 چھکوں اور 7 چوکوں سے سجی 92 رنز کی اننگز مچل اسٹارک کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

گلین میکسویل کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
گلین میکسویل کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

اس کے بعد سوریا کمار یادیو نے 31، شیوم دوبے نے 22 اور ہردک پانڈیا نے 27 رنز کی تیز باریاں کھیلیں جس کی بدولت بھارت کی ٹیم 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک اور مارکس اسٹوئنس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بھارت کو پہلے ہی اوور میں اس وقت کامیابی ملی جب ڈیوڈ وارنر 6 رنز بنانے کے بعد سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔

اس کے بعد ٹریوس ہیڈ کا ساتھ دینے کپتان مچل مارش آئے اور دونوں نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے 9 اوورز سے قبل ہی اسکور کو 87 تک پہنچا دیا۔

مچل مارش نے 28 گیندوں پر 37 رنز کی اننگز کھیلی اور اننگز کا تیسرا چھکا مارنے کی کوشش کی لیکن باؤنڈری پر اکشر پٹیل نے ایک ہاتھ سے شاندار کیچ لے کر آسٹریلین کپتان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

گلین میکسویل نے ریورس سوئپ پر چھکا اور چوکے لگا کر 20 رنز بنائے ہی تھے کہ کلدیپ کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور پھر اگلے ہی اوور میں اکشر نے اسٹوئنس کا کام تمام کردیا۔

ٹریوس ہیڈ نے 76 رنز کی باری کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
ٹریوس ہیڈ نے 76 رنز کی باری کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

دوسرے اینڈ سے ٹریوس ہیڈ نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نصف سنچری اسکور کی لیکن جسپریت بمراہ نے 4 چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنانے والے ہیڈ کو پویلین رخصت کردیا۔

آسٹریلیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے اور اس طرح بھارت نے میچ میں 24 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

بھارت کی جانب سے ارشدیپ سنگھ نے تین جبکہ کلدیپ یادیو نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

روہت شرما کو ان کی جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024