• KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am
  • KHI: Fajr 4:58am Sunrise 6:16am
  • LHR: Fajr 4:20am Sunrise 5:43am
  • ISB: Fajr 4:22am Sunrise 5:47am

پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسکے خاتمے کی کوششوں کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا، وزیراعظم

شائع June 24, 2024
وزیر اعظم شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس نے ملاقات کی — فوٹو: پی آئی ڈی
وزیر اعظم شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس نے ملاقات کی — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، جبکہ پولیو کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سے گیٹس فاؤنڈیشن کے سربراہ بل گیٹس نے ملاقات کی۔ بل گیٹس وزیر اعظم پاکستان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے عالمی اقتصادی فورم کے اس سال ریاض میں ہونے والے اجلاس کے موقع پر بل گیٹس سے اپنی ملاقات کے دوران انہیں پاکستان کا دورہ کرے کی دعوت دی تھی۔

وزیر اعظم نے بل گیٹس کو معاشی استحکام کے حصول کے لیے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات میں اہم پیشرفت، صحت کی سہولیات تک رسائی میں بہتری، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے موافقت اور پولیو کے خاتمے کی حکومتی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

شہباز شریف نے معیشت کو ڈیجیٹائز کرنے کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی گراں قدر حمایت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پورے حکومتی ڈھانچے کے ایک ڈیجیٹلائزڈ ایکو سسٹم کے نتیجے میں محصولات میں اضافہ ہوگا جس سے گورننس کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور حکومت عوامی بہبود کی اسکیموں پر زیادہ خرچ کرنے کے قابل ہوگی۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت پاکستان اور گیٹس فاؤنڈیشن دونوں کے بہت سے اہداف ہیں جن میں صنفی فرق کو ختم کرنا، صحت کی سہولیات تک رسائی میں اضافہ، غذائی تحفظ کو بہتر بنانا، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے موافقت اور مالیاتی شمولیت شامل ہیں۔

انہوں نے بل گیٹس کو مؤخر الذکر شعبہ جات میں پیشرفت اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔

پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے لیے سب سے بڑا عطیہ دہندہ ہونے پر گیٹس فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شہباز شریف نے پولیو وائرس کے بڑھتے ہوئے انفیکشن کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ایک مضبوط اور مرکوز حکمت عملی اور پاکستان میں اس بیماری کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے درکار اقدامات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے پولیو کے خاتمے کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب تک ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے تک اس حوالے سے قومی سطح پر کی جا رہی کوششوں کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا۔

بل گیٹس نے ملک سے پولیو کے خاتمے کے حوالے سے مسلسل لگن اور ذاتی دلچسپی کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ مسلسل ویکسی نیشن اور حکومت کے پختہ عزم کے ساتھ پولیو کے خاتمے کی مہم میں بہتری آئے گی۔

بل گیٹس نے ڈیٹا سائنس ٹولز اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو پاکستانیوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے اہم وسائل قرار دیا۔

دونوں فریقین نے نہ صرف پولیو کے خاتمے بلکہ تمام صوبوں میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے اور تمام پاکستانیوں خصوصاً خواتین کی فلاح و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

کارٹون

کارٹون : 7 ستمبر 2024
کارٹون : 6 ستمبر 2024