• KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

کراچی: شدید گرمی کی لہر کے دوران شہر کے کچھ علاقوں میں بارش

شائع June 24, 2024
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شدید گرمی کی لہر کے دوران شہر کے کچھ مضافاتی علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقوں گڈاب اور بحریہ ٹاؤن میں بارش ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

موسم کی صورتحال کے حوالے سے اپ ڈیٹ رکھنے والی ویب سائٹ ’پاک ویدر‘ کی ایک پوسٹ میں کیا گیا کہ کراچی میں شدید گرمی، درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جس کے ساتھ ہی مضافات میں ’لوکل ڈیولپمنٹ‘ کے تحت گھن گرج کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے گرمی کی شدت میں کچھ حد تک کمی آچکی ہے،کراچی شہر کے شمالی علاقوں میں بادلوں کی آمد ہو رہی ہے، اِن بادلوں کے زیر اثر کراچی کے کچھ مزید علاقوں میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔

یاد رہے کہ کراچی میں قیامت خیز گرمی کی لہر جاری ہے جس نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، آج بھی صبح سے ہی شہر شدید گرمی رہی، دن کے اوقات میں شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری تک پہنچ گیا لیکن گرمی کی شدت 52 ڈگری تک محسوس کی گئی، جب کہ ہیٹ ویو کی صورت حال مزید 3 دن تک برقرار رہنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کو کراچی میں درجہ حرارت 41 سینٹی گریڈ رہا لیکن گرمی کی شدت 50 سے 52 سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ شہر کے درجہ حرارت میں 3 دن بعد کمی کا امکان ہے، تاہم آئندہ 2 سے 3 روز کے دوران درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جس کی شدت 44 ڈگری تک محسوس کی جائے گی اور کراچی میں ہیٹ ویو کی صورتحال مزید 3 دن تک برقرار رہے گی۔

ملک بھر میں گرمی کا زور

آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم گرم اور مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے، شہر کے بعض مقامات میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، گزشتہ روز سندھ اور پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں دن بھر سورج آگ برساتا رہا۔

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں بھی ان دنوں گرمی کا راج ہے، پی ڈی ایم اے نے یکم جولائی سے پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ بارشیں 35 فیصد تک زیادہ ہونے کاامکان ہے، آج لاہور پارہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ سندھ کے متعدد شہروں میں پارہ 42 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جیکب آباد اور سکھر میں درجہ حرارت 47 ڈگری رہنے کی پیشگوئی کی گئی، گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو اور جیکب آباد میں 46 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو آج 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا امکان ہے، جب کہ محکمہ موسمیات کے مطابق آج پشاور کا موسم گرم اور خشک ہے، درجہ حرارت 42 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے بلوچستان کے شہروں خضدار، لسبیلہ، بارکھان، ژوب، شیرانی، کوہلو، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، نصیرآباد، جھل مگسی اور ڈیرہ بگٹی میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے لیے ڈان میڈیا گروپ کی مہم بریتھ پاکستان کا حصہ بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024