میزبان ویسٹ انڈیز ٹی20 ورلڈکپ سے باہر، جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں پہنچ گیا
ٹی20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقہ نے دلچسپ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی، جس کے بعد ویسٹ انڈیز ایونٹ سے باہر اور جنوبی افریقہ نے 10 سال بعد سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
انٹیگوا کے شہر نارتھ ساؤنڈ میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے میں گزشتہ روز انگلینڈ نے امریکا کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی، جس کے بعد جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کا میچ ناک آؤٹ کی صورتحال اختیار کرگیا تھا۔
انتہائی اہم میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 135 رنز بنائے، تاہم بارش کی وجہ سے جنوبی افریقہ کو ڈی ایل ایس کے تحت 17 اوورز میں 123 رنز کا ہدف ملا، جو انہوں نے 5 گیندوں قبل ہی حاصل کرلیا۔
ویسٹ انڈیز بیٹنگ:
کالی آندھی کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، ابتدائی دو وکٹیں صرف 5 رنز پر گرگئیں، شائے ہوپ صفر اور نکولس پورن ایک رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
کائل میئرز اور راسٹن چیز نے 81 رنز کی اہم شراکت قائم کی، میئرز 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور راسٹن چیز نے نصف سنچری اسکور کی، وہ 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ، کپتان رومن پاؤل ایک، شرفانے رتھرفورڈ صفر، آندرے رسل 15، عقیل حسین 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، الزاری جوزف 11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے 4 اوورز میں 27 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، اور انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا، جب کہ مارکو جانسن، ایڈن مارکرم، کیشو مہاراج اور کگیسو رباڈا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ بیٹنگ:
ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کا آغاز بھی اچھا نہ رہا، اوپننگ بلے باز ریزا ہینڈرکس کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے، کوئنٹن ڈی کاک نے 12 رنز بنائے، کپتان ایڈن مارکرم 18 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
اس کے علاوہ ٹرسٹن اسٹبس 29 رنز بناکر نمایاں رہے، ہینرک کلاسن نے 10 گیندوں پر 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، ڈیوڈ ملر 4 اور کیشو مہاراج 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، مارکو جانسن 14 گیندوں پر 21 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے راسٹن چیز نے 3 اوورز میں 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی، جب کہ آندرے رسل اور الزاری جوزف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔