• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

وزیر اعظم کی اسلام آباد سیف سٹی میں جدید فارنزک لیب کی تعمیر کی ہدایت

شائع June 24, 2024
وزیر اعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں سیکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر اجلاس منعقد ہوا— فوٹو: اے پی پی
وزیر اعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں سیکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر اجلاس منعقد ہوا— فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد سیف سٹی منصوبے میں جدید تقاضوں کے مطابق فارنزک لیب تعمیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں سیکیورٹی اور امن و امان کے قیام کے حوالے سے جاری منصوبوں کی پیشرفت پر اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں اسلام آباد میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور اسلام آباد ماڈل جیل، اسلام آباد سیف سٹی، وفاقی انسداد دہشت گردی ڈپارٹمنٹ اور اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں اسلام آباد قومی سہولت مراکز اور منشیات اور دھماکا خیز مواد کی شناخت و نشاندہی اور ٹریسنگ کے لیے قائم 9 یونٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی شہریوں اور پاکستان میں موجود غیر ملکیوں کا تحفظ ریاست کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ میں کسی بھی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے اسلام آباد ماڈل جیل کی تکمیل میں تاخیر کی انکوائری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ماڈل جیل کا منصوبہ جدید دور کے تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

شہباز شریف نے اسلام آباد ماڈل پریزن(جیل) میں پیشہ ورانہ تربیت کا ادارہ اور ہسپتال تعمیر کرنے کی بھی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کی تشکیل کے لیے چینی ماہرین سے مشاورت کی جائے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد سیف سٹی منصوبے میں جدید تقاضوں کے مطابق فارنزک لیب تعمیر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں تمام سیکیورٹی منصوبوں کے لیے میرٹ کی بنیاد پر افرادی قوت کی بھرتیاں اور بین الاقوامی معیار اور جدید تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ جہانزیب خان، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024