جعل سازی سے پاسپورٹ بنوانے والا مسافر کراچی ایئرپورٹ سے گرفتار
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے) امیگریشن نے جعل سازی سے پاسپورٹ بنوا کر جعلی مہریں لگوانے والے مسافر کو کراچی ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے ملزم کے پاسپورٹ پر متحدہ عرب امارات(یو اے ای) سے آمد و روانگی کی جعلی مہریں لگی ہوئی تھیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کا آئی بی ایم ایس میں بھی کسی قسم کا سفری ریکارڈ موجود نہ تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کا تعلق افغانستان سے ہے اور شناختی کارڈ پر پاکستان کے ضلع ٹنڈو الہ یار کا پتا درج ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم نے جعل سازی سے پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوائے اور ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔