• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

پی ٹی آئی وکلا شعیب شاہین، علی بخاری کی تھانہ کوہسار میں درج مقدمہ میں ضمانت کنفرم

شائع June 22, 2024
— فائل فوٹو: شٹراسٹاک
— فائل فوٹو: شٹراسٹاک

اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکلا شعیب شاہین اور علی بخاری ایڈوکیٹ کی تھانہ کوہسار میں درج مقدمہ میں ضمانت کنفرم کردی۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے علی بخاری اور شعیب شاہین کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔

اس موقع پر شعیب شاہین، علی بخاری ایڈووکیٹ وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، وکلا ریاست علی آزاد، شکیل عباسی، نیاز اللہ نیازی، قیصر امام بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

وکیل شعیب شاہین نے مؤقف اپنایا کہ میڈیا موجود تھا سب کچھ سامنے تھا، بے بنیاد الزامات لگائے گئے، وکیل علی بخاری کا کہنا تھا کہ جب بھی پُر امن احتجاج کرتے ہیں، مقدمہ درج ہو جاتا ہے، الیکشن ٹریبونل کی کارروائی کی وجہ سے انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ آپ یہاں کہتے ہیں چند لوگ تھے، ٹی وی پر کہتے ہیں لاکھوں لوگ تھے، جس پر وکیل شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ آپ نے دیکھ لیا 8 فروری کو کتنے لوگ نکلے تھے، سب لوگ سہمے ہوئے ہیں۔

جج طاہر عباس سپرا نے کہا کہ اس کے بعد کوئی احتجاج کیا اس کی ایف آئی آر ہے؟ وکیل شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ جی کل کیا ہے اس کی ایف آئی آر راستے میں ہوگی۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ضمانت قبل از گرفتاری پر فیصلہ محفوظ کر لیا

بعد ازاں، عدالت نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے علی بخاری، شعیب شاہین ایڈوکیٹ کی ضمانت قبل از گرفتاری کنفرم کر دی۔

عدالت نے ایک، ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔

واضح رہے کہ ضمانتیں کنفرم یا ضمانت میں توثیق کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اس کیس میں اب مستقل بنیادوں پر ان کی ضمانت ہو چکی ہے اور انہیں اب اس کیس میں گرفتار نہیں کیا جاسکتا، تاہم پراسیکیوشن اس فیصلے کو چیلنج کر سکتی ہے، جس کے بعد عدالت چاہے تو ضمانت مسترد کرسکتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024