عالمی چیلنجز کے دوران پاک چین دوستی کی قدر میں اضافہ ہوا ہے، لیو جیان چاؤ
چین کے وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا ہے کہ چین سی پیک کے ساتھ ساتھ پاک چین طویل المدتی اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کے لیے بھی پرعزم ہے اور میرا ماننا ہے کہ عالمی چیلنجز اور تبدیلیوں کے دوران پاک چین دوستی اور پارٹنرشپ کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔
چین کے وزیر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی مزید مضبوط ہو گی اور دونوں ملکوں کی قیادت اور لوگوں کے سائے میں نئے سنگ میل عبور کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے کی اپ-گریڈیشن کے لیے پر عزم ہیں اور اگلے مرحلے میں صنعتی پارکس اور اقتصادی زونز قائم کیے جائیں گے۔
چین کے وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ گزشتہ 9 سے 10 سال کے دوران سی پیک کی تعمیرات بڑی کامیابی ہے اور چین اور پاکستان دونوں ملکوں کے عوام کے فائدے کے لیے سی پیک کی مزید تعمیرات کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین سی پیک کے ساتھ ساتھ پاک چین طویل المدتی اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کے لیے بھی پرعزم ہے اور میرا ماننا ہے کہ عالمی چیلنجز اور تبدیلیوں کے دوران پاک چین دوستی اور پارٹنرشپ کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا کہ مجھے یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام کے تعاون سے پاکستان اور چین کی حکومتیں اور سیاسی جماعتیں مضبوط اور گہری دوستی اور تعاون کو پروان چڑھانے کی کوشش کریں گی، ہمارا ماننا ہے کہ دونوں ملکوں کے نوجوانوں، تھنک ٹینکس اور میڈیا کے درمیان مزید رابطے قائم ہونے چاہئیں۔
چینی وزیر خارجہ نے پاکستانیوں کو چین کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم اس ملک کے نوجوانوں اور سیاسی جماعتوں کی نوجوان قیادت کی میزبانی کرنے پر بہت خوشی محسوس کریں گے تاکہ وہ چین کے بارے میں مزید جان سکیں۔
لیو جیان چاؤ نے کہا کہ چینی قیادت دونوں ممالک کی دوستی کو انتہائی اہمیت دیتی ہے، پاکستان اور چین کی حکومتوں اور سیاسی جماعتوں میں مضبوط تعلقات ہیں اور سی پیک سے دونوں ملکوں کو فوائد حاصل ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے، ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان جیسا دوست ہمارے ساتھ ہے، چین پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے اور دونوں ملک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔