• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

لاہور: ڈاکٹرز کی گرفتاری کیخلاف احتجاج، مریم نواز سے معافی مانگنے کا مطالبہ

فوٹو: ڈان نیوز
فوٹو: ڈان نیوز

لاہور میں ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی گرفتاری کے خلاف ینگ ڈاکٹرز اور نرسز کے احتجاج کے دوران صدر ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن ڈاکٹر شعیب نیازی نے وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز میں عملے نے ہڑتال کردی، لاہور جنرل ہسپتال، میو ہسپتال، جناح ہسپتال، سروسز ہسپتال اور گنگارام ہسپتال کے آوٹ ڈور بند ہیں، اس کے علاوہ پی آئی سی، لیڈی ولنگڈن، لیڈی ایچی سن ہسپتال میں بھی کام بند ہے۔

اس موقع پر صدر ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن ڈاکٹر شعیب نیازی نے کہا کہ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کے معافی مانگنے تک او پی ڈیز بند رہیں گی، مریم نواز نے پرنسپل سمیت سینئر اساتذہ کو ہتھکڑیاں لگوائی ہیں، مریم نواز نے پوری ڈاکٹرز کمیونٹی کی بے عزتی کی ہے۔

ینگ ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹرز کی گرفتاری میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، ہسپتالوں میں سیکیورٹی کے بل کو فوری طور پر منظور کرایا جائے، ڈاکٹرز کی گرفتاری کے معاملے کی مکمل انکوائری کی جائے، سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے ڈاکٹرز اور نرسسز کو فوری بحال کیا جائے، وزیر اعلٰی پنجاب اور ہیلتھ سیکریٹری معاملے پر فوری معافی مانگیں۔

اسی کے ساتھ مطالبات کی منظوری تک ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

دوسری جانب خانیوال میں 3 بچوں کی ہلاکت اور اسٹاف نرس کی گرفتاری پر ینگ نرسز نے 8 کلب کے سامنے احتجاج شروع کردیا، انہوں نے کہا کہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے خلاف کارروائی کے بجائے نرس کو گرفتار کرلیا گیا، اگر اسٹاف نرس کی غفلت تھی تو پہلے انکوائری کرتے، حکومتی رویے کے خلاف ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

اس کے علاوہ نرسز نے نشتر ہسپتال اور چلڈرن کمپلیکس میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ نرس اقصٰی کی رہائی تک روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 14 جون کو خانیوال ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زیر علاج تین کمسن بچوں کو اینٹی بائیٹک انجکشن لگائے گئے تھے، تاہم انجیکشن لگتے ہی بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

بعد ازاں ورثا نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے سیکریٹری ہیلتھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا، بعد ازاں ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے ابتدائی انکوائری کے ذریعے متعلقہ ہیڈ نرس اقصٰی کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے نرسنگ ہاسٹل سے گرفتار کرلیا تھا۔

نرس اقصی کی گرفتاری کے خلاف نرسز نے احتجاج شروع کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024