بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا بجٹ کل پیش ہوگا
بلوچستان کا آئندہ مالی سال کا ساڑھے 800 ارب روپے کا بجٹ کل پیش ہوگا۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع محکمہ خزانہ نے بتایا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ ہوگا، جبکہ بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں کو ترجیع دی جائے گی۔
ذرائع محکمہ خزانہ کا کہنا تھا کہ صحت کے لیے 67 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، گزشتہ بجٹ کی نسبت تعلیم کے بجٹ میں 25فیصد اضافہ ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ بے نظیر اسکالرشپ کے لیے 2 ارب روپے مختص کیے جائیں گے اور جامعات کی گرانٹ اڑھائی ارب سے بڑھا کر 5 ارب روپے کرنے کی تجویز ہے۔
بلوچستان اسمبلی سیشن میں رواں مالی سال کا ضمنی بجٹ بھی پیش ہوگا۔