پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے

شائع June 17, 2024
نماز عید کی ادائیگی کے بعد لوگ ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
نماز عید کی ادائیگی کے بعد لوگ ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دے رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے جہاں ملک بھر کے عوام سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں اپنے جانور اللہ کی راہ میں قربان کررہے ہیں۔

10 ذی الحج 1445 کو آج پاکستان بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے اور دن کا آغاز مساجد میں امت مسلمہ کی بہتری، ملک کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔

علمائے کرام نے عید کے خطبات میں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسمٰعیلؑ کی عظیم قربانی کے فلسفے کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور عوام سے قربانی کے جذبے میں غریبوں کو بھی یاد رکھنے اور اپنی خوشیوں کا حصہ بنانے کا درس دیا۔

اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد کیے گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف ماڈل ٹاؤن لاہور میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی، گورنر سندھ نے کراچی کے پولو گراؤنڈ جبکہ گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے نماز عیدالاضحی اپنے آبائی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ادا کی۔

نماز عید کے بعد پاکستان کے کوچے کوچے میں شہری حسب استطاعت سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں اپنے جانور اللہ کی راہ میں قربان کررہے ہیں۔

ملک بھر کی صوبائی، ضلعی اور شہری انتظامیہ کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور باقیات کو تلف کرنے کے ساتھ ساتھ علاقوں میں صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔

صدر و وزیر اعظم کا قوم کے نام پیغام

وزیر اعظم وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ قربانی کا جذ بہ ایک ایسا عمل ہے جس کا مقصد انسان کا اپنی نفسانی خواہشات کو اعلی ٰمقاصد کے حصول کے لیے قربان کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ اور عظیم اسلامی عبادت حج کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ سے دعاگو ہوں کہ وہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔

فرزندان اسلام لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کررہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
فرزندان اسلام لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کررہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی قربانی اور اطاعت کے جذبے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جہاں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کا اللہ تعالی کی خوشنودی کی خاطر سر خم تسلیم کرنے کا یہ عمل بارگاہ الہی میں اتنا محبوب ہوا کہ اسے تا قیامت امت محمدﷺ کے لیے عبادت کی حیثیت سے لازم قرار دے دیا۔

انہوں نے کہاکہ عید الاضحی کے با برکت موقع پر ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خیال رکھنا ہے جو قربانی کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے تاکہ ہمارے ایسے ہم وطن بہن بھائی جو معاشی طور پر کمزور ہیں وہ بھی ان خوشیوں کو بھرپور طریقے سے منا سکیں۔

محمدشہباز شریف نے کہا کہ آج کے دن ہمیں فلسطین اور بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی عظیم قربانی کو بھی یاد رکھنا ہے جو ظلم و ستم اور بربریت کے سامنے آہنی دیوار کی مانند ڈٹ کر کھڑے ہیں اور میری اللہ تعالی سے دعا ہے کہ ہم سب کو عید الاضحیٰ کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار اور جذبہ ایثار و قربانی پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید الاضحیٰ کے مبارک موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ بابرکت موقع پورے عالم اسلام اورپاکستان کے لیے رحمتیں اور خوشیاں لائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں اللہ تعالیٰ کے دو برگزیدہ پیغمبر وں حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی تسلیم و رضا کی یاد دلاتی ہے، اللہ تعالی نے جب ان عظیم شخصیات کو آزمائش سے گزارا تو دونوں نے رضائے الٰہی کے حصول کے لیے سر تسلیم ِخم کر دیا۔

ملک بھر میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
ملک بھر میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

انہوں نے کہا کہ اس قربانی کے تہوار میں ہمارے لیے درس ہے کہ آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت قدم رہنا ہے اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور فرمانبرداری ہی کامیابی کی کنجی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے اس موقع پر پوری پاکستانی قوم کو اس عزم کا اعادہ کرنا چاہیے کہ ہم اخوت،ایثار،محبت اور اخلاص سے سرشار ہو کر اپنے ارد گرد ضرورت مند لوگوں کی مدد کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 6 اکتوبر 2024
کارٹون : 4 اکتوبر 2024