ٹی20 ورلڈکپ: آسٹریلیا کے ہاتھوں اسکاٹ لینڈ کو شکست، انگلینڈ سپر ایٹ میں پہنچ گیا
ٹی20 ورلڈکپ کے 35 ویں میچ میں آسٹریلیا نے اسکاٹ لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا، جب کہ اسکاٹ لینڈ کی شکست کے ساتھ ہی انگلینڈ سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گیا۔
سینٹ لوشیا میں کھیلے جانے والے گروپ بی کے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے، آسٹریلیا ٹریوس ہیڈ اور مارکس اسٹوئنس کی جارحانہ اننگز کی بدولت نے 19.4 اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کیا۔
اسکاٹ لینڈ بیٹنگ:
اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی، اوپننگ بیٹر مائیکل جونز صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، جس کے بعد برینڈن میک مولن نے دوسرے اوپنر جوج مونسے کے ساتھ ملکر 89 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔
جورج مونسے 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، میک مولن نے نصف سنچری اسکور کی، وہ 34 گیندوں پر 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جب کہ کپتان برینگٹن 31 گیندوں پر 42 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسوئل نے 2، ایشٹن ایگر، ایڈم زمپا اور ناتھن الیس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا بیٹنگ:
آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر صرف ایک رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے، تاہم ڈریوس ہیڈ نے 68 رنز کی ذمہ دارنہ اننگز کھیلی، کپتان مچل مارش 8 اور گلین میکسوئل 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
مارکس اسٹوئنس کی اننگز نے آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے 29 گیندوں پر 59 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جب کہ ٹم ڈیوڈ 14 گیندوں پر 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سپر ایٹ میں پہنچنے والی ٹیمیں:
ٹی20 ورلڈکپ کے اگلے مرحلے یعنی سپر ایٹ میں گروپ اے سے بھارت اور امریکا نے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی ہے۔
گروپ بی سے آسٹریلیا - انگلینڈ ، گروپ سی سے افغانستان - ویسٹ انڈیز، گروپ ڈی سے جنوبی افریقہ سپر ایٹ میں پہنچ چکی ہے، تاہم بنگلہ دیش اور نیدرلینڈ کے درمیان ابھی فیصلہ ہونا باقی ہے۔
اگر آج بنگلہ دیش ، نیپال کو شکست دینے میں کامیاب ہوگیا تو وہ سپر ایٹ میں رسائی حاصل کرلے گا تاہم نیپال کے ہاتھوں شکست کے بعد بھی بنگلہ دیش اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرسکتا ہے، لیکن اس کے لیے سری لنکا کو اپنے آخری میچ میں نیدرلینڈ کو شکست دینا ہوگی۔
ٹی20 ورلڈکپ سے باہر ہونے والی بڑی ٹیمیں:
آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2024 سے پہلے ہی مرحلے میں باہر ہونے والی ٹیموں کی بات کریں تو انگلینڈ کے خلاف 2022 کا ٹی20 ورلڈکپ کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی جو امریکا اور بھارت کے خلاف ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد پہلے ہی اسٹیج پر ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم کی صورتحال بھی کچھ ایسی ہی رہیں، جو افغانستان اور ویسٹ انڈیز سے ابتدائی دو میچز ہارنے کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی، جب کہ سری لنکا بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد ورلڈکپ سے باہر ہوئی۔
اپنا پہلا آئی سی سی ایونٹ کھیلنے والی ٹیم امریکا نے سپر ایٹ مرحلے میں کوالیفائی کرکے سب کو حیران کردیا، اس کے علاوہ ایونٹ میں افغانستان، اسکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈ کی کارکردگی بھی بہترین رہی۔