• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کھلاڑیوں کی رات دیر تک شاپنگ اور ڈنرز کا دفاع کرنے لگے

شائع June 11, 2024
فوٹو: پی سی بی
فوٹو: پی سی بی

قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے بھارت سے شکست کے بعد کھلاڑیوں کے رات دیر تک شاپنگ کرنے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ صرف گراؤنڈ میں کھیلنی ہوتی ہے لیکن اس کے باہر بھی زندگی ہے، میچ کے بعد کھلاڑی کمرے میں جاکر دیواروں سے ٹکریں مارنا شروع کردیں۔

نیویارک میں ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں کینیڈا کے خلاف میچ سے قبل پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ شکست کا خوف ہر ٹیم کو ہوتا ہے لیکن جب ٹیم کو خود پراعتماد ہوگا تو وہ کارکردگی بھی دکھائے گی، جب کہ بھارت سے شکست کی ذمہ داری مینجمنٹ پر عائد ہوتی ہے جس میں ہم سب شامل ہیں۔

بھارت سے شکست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 48 گیندوں پر 48 رنز درکار تھے اور 8 وکٹیں ہمارے ہاتھ میں تھیں، اس دوران شارٹ سلیکشن میں غلطی ہوئی، میں کسی کھلاڑی کا نام نہیں لوں گا مگر غلط مواقع پر شارٹ کھیلی گئی اور صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے نہیں لیے گئے، جس کا نقصان ہوا۔

اسٹرائیک ریٹ سے متعلق سوال پر اسسٹنٹ کوچ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے جب ہم اسٹرائیک ریٹ کی بات کرتے ہیں تو سارا ملبہ بابراعظم اور رضوان پرڈال دیا جاتا ہے، لیکن ہمارا اصل مسئلہ پارٹنرشپ کا ہے، شروع میں تو اچھی شراکت قائم ہوجاتی ہے اور میچ بن جاتا ہے لیکن آخری اوورز میں ہم وکٹیں گنوانا شروع کردیتے ہیں، پچھلے میچ میں بھی یہی کچھ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ٹی20 چھوٹا فارمیٹ ہے اور اس میں پارٹنرشپ ہونا لازمی ہے، کیوں کہ جب مسلسل وکٹیں گرتی رہیں گی تو رنز کیسے بنیں گے، اگر 5 آؤٹ بھی ہوں اور ایک اچھی شراکت قائم ہوجائے تو وہ میچ کو مکمل کرلیتے ہیں۔

کینیڈا کے خلاف میچ پر بات کرتے ہوئے اظہر محمود کا کہنا تھا کہ اب ہمارے پاس جیت کے علاوہ اور کوئی آپشن نہیں، ہمیں اگلے دونوں میچز لازمی جیتنے ہیں اور اس کے بعد ہم دیکھیں گے کہ کسی کے سہارے ہم آگے پہنچ پاتے ہیں یا نہیں، اور کرکٹ میں یہ چیزیں ہمیشہ ہوتی رہتی ہیں۔

قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ نے کہا کہ کینیڈا نے اب تک اچھی کرکٹ کھیلی ہے اور ٹی20 فارمیٹ میں آپ کسی بھی ٹیم کو کمزور نہیں سمجھ سکتے، امریکا کی طرح کینیڈا میں بھی کچھ کھلاڑی ہیں جو پاکستان، بھارت سمیت دیگر ٹیموں سے کھیل چکے ہیں۔

پاکستان ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج میں آج نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنا تیسرا میچ کینیڈا کے خلاف کھیلے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

قومی ٹیم میں آل راؤنڈرز کی کمی اور محدود بیٹنگ لائن اپ سے متعلق سوال پر اظہر محمود نے کہا کہ ہمارے باؤلرز نسیم شاہ اور شاہین آفریدی بھی بیٹنگ کرلیتے ہیں جو نمبر 9 اور 10 کے بیٹرز ہیں لیکن ہم میچ جیتنے کے لیے ان پر انحصار نہیں کرسکتے، اسکور کرنے کی ذمہ داری ٹاپ آرڈر پر عائد ہوتی ہے کہ وہ ہمیں میچ جتوائیں۔

قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے کھلاڑیوں کی رات تاخیر سے شاپنگ اور ڈنرز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہر کھلاڑی ڈائٹ پلان فالو کررہا ہے اور سب کی نجی زندگی ہوتی ہے، ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ ہر وقت میدان میں موجود رہیں، گراؤنڈ میں صرف کرکٹ کھیلنا ہوتی ہے اور اس کے باہر بھی زندگی ہے، میچ کے بعد کھلاڑی کمرے میں دیواروں کو ٹکریں مارنا شروع کردیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جب ہارجاتے ہیں تو یہ باتیں ہوتی ہیں کہ کھلاڑی یہ سب کررہے ہیں لیکن جب ہم جیت رہے ہوتے ہیں تو ان چیزوں پر کوئی سوال نہیں اٹھایا جاتا، اور یہ ہر ٹیم کے کھلاڑی کرتے ہیں، میں دیگر ٹیموں کے ساتھ بھی منسلک رہا ہوں، وہ تو میچ کے بعد اور بھی بہت کچھ کرتے ہیں لیکن ہمارے کھلاڑی تو صرف ڈنر کے لیے باہر جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں 5 رنز سے شکست دی تھی، جب کہ اتوار کو ہونے والے میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 120 رنز کا آسان ہدف دیا لیکن قومی ٹیم کو اپنی سست بیٹنگ اور چند غلط فیصلوں کی وجہ سے 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024