• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کیا کینیڈا آج ٹی 20ورلڈکپ میں پاکستانی مہم کا خاتمہ کرسکتا ہے؟

شائع June 11, 2024
فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو  / ایکس
فوٹو: ای ایس پی این کرک انفو / ایکس

امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان کو اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے آج کینیڈا کو لازمی شکست دینا ہوگی، تاہم کینیڈا کے پاس بھی قومی ٹیم کو شکست دیکر ایونٹ سے باہر کرنے کا سنہری موقع ہے۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستانی ٹیم میزبان امریکا کے ہاتھوں سپر اوور کی شکست اور پھر روایتی حریف بھارت کے خلاف ایک آسان ہدف حاصل نہ کرنے کا غم ابھی پوری طرح بھلا نہیں پایا ہے کہ آج اسے ایک اور چینلج درپیش ہے۔

تاہم، پاکستانی ٹیم کے پاس اب پیچھے دیکھنے کا وقت نہیں ہے، ٹی20 ورلڈکپ 2022 کا فائنل کھیلنے والی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنے سفر جاری رکھنا چاہتی ہے تو اسے کینیڈا کے خلاف واپس ٹریک پر آنا ہوگا۔

پاکستان ٹی20 ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج میں آج نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنا تیسرا میچ کینیڈا کے خلاف کھیلے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

یاد رہے کہ کینیڈا نے میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں قومی ٹیم کو شکست دینے والی امریکی ٹیم کا بھرپور مقابلہ کیا تھا اور پھر آئرلینڈ جیسی مضبوط ٹیم کو 12 رنز سے شکست دی تھی، ایسے میں کینیڈا کرکٹ ٹیم کو شکست دینا پاکستان کے لیے زیادہ آسان نہیں ہوگا۔

پاکستان کو پہلے ہی معلوم تھا کہ بھارت کے خلاف میچ کے صرف دو دن بعد اسے کینیڈا کا سامنا کرنا ہے، اور اگر پاکستان روایتی حریف بھارت کو شکست دینے میں کامیاب ہوجاتا تو وہ امریکا سے شکست کا غم بھلاکر ایونٹ میں درست ٹریک پر گامزن ہوجاتا۔

کینیڈا پچھلے دونوں میچز میں اچھی کارکردگی دکھانے کے بعد پاکستان کو شکست دینے کے لیے پرامید ہے، اور وہ اس وقت ٹی20 ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل میں بھی 2 پوائنٹس کے ساتھ اپنے مدمقابل ٹیم پاکستان سے اوپر ہے۔

دوسری جانب، پاکستان میں پیدا ہونے والے کینیڈین فاسٹ باؤلر کلیم ثنا نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ’وہ 8 سال تک بابراعظم کے ساتھ کھیل چکے ہیں، 2010 کے انڈر 19 ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں‘۔

کلیم ثنا کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے ورلڈکپ کے لیے کافی محنت کی ہے، چونکہ میں نئی گیند سے باؤلنگ کرواتا ہوں اس لیے بابراعظم اور محمد رضوان میرا ہدف ہوں گے، بابراعظم کی وکٹ حاصل کرنے اور پاکستان کو شکست دینے کے لیے پرامید ہوں۔

صائم ایوب کی شمولیت کا امکان

پچھلے دو میچز کھیلنے والے پاکستانی پلینگ الیون میں کوئی کھلاڑی انجرڈ نہیں ہوا تاہم، چند کھلاڑیوں کی مسلسل خراب کارکردگی کے باعث صائم ایوب کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے، وہ عثمان خان یا شاداب خان کی جگہ پلینگ الیون کا حصہ بن سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں 5 رنز سے شکست دی تھی، جب کہ اتوار کو ہونے والے میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 120 رنز کا آسان ہدف دیا لیکن قومی ٹیم کو اپنی سست بیٹنگ اور چند غلط فیصلوں کی وجہ سے 6 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024