ساہیوال: ٹیچنگ ہسپتال میں آگ، دھوئیں سے متاثرہ مزید 2 بچے جاں بحق
پنجاب کے ضلع ساہیوال کے ٹیچنگ ہسپتال میں آگ اور دھوئیں سے متاثرہ مزید 2 بچے چل بسے، جس کے بعد جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد 9 ہوگئی۔
ڈان نیوز کے مطابق آتشزدگی کے واقعہ کو 72 گھنٹے گزرنے کے باوجود متعلقہ وزیر یا سیکریٹری ہیلتھ ہسپتال نہ پہنچ سکے۔
واقعہ کی تحقیقات کے لیے بنائی گئیں 2 کمیٹیاں بھی ذمہ داروں کا تعین نہیں کر سکیں۔
واضح رہے کہ 8 جون کو ساہیوال کے ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آگ اور دھوئیں کے اثرات سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ متعدد کی حالت تشویش ناک بتائی گئی تھی۔
ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال میں شاٹ سرکٹ کے باعث چلڈرن وارڈ میں آگ بھڑک اٹھی تھی، اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی تھیں۔
وارڈ میں لگی آگ کے دوران ہسپتال اسٹاف اور سیکیورٹی گارڈز نے جان پر کھیلتے ہوئے بچوں کو ایمرجنسی وارڈ میں شفٹ کیا تھا، جبکہ ریسکیو 1122 کی 4 گاڑیوں نے آگ پر قابو پایا تھا۔
آتشزدگی کے باعث چلڈرن وارڈ میں موجود تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔