سرخ مرچوں سے وزن بڑھنے کا انکشاف
اگرچہ ماضی میں ہونے والی متعدد تحقیقات میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سرخ مرچوں کا استعمال نہ صرف وزن کو متواتر رکھنے میں مددگار ہوتا ہے بلکہ اس سے ذیابیطس اور امراض قلب کے امکانات بھی کم ہوسکتے ہیں۔
تاہم اب نئی تحقیق میں عندیہ دیا گیا ہے کہ حیران کن طور پر سرخ مرچ وزن بڑھانے یعنی موٹاپے کا سبب بن سکتی ہیں۔
طبی جریدے فرنٹیئرز میں شائع تحقیق کے مطابق امریکی ماہرین نے 6 ہزار سے زائد رضاکاروں پر تحقیق کی اور انہوں نے 2003 سے 2006 کے ڈیٹا کا جائزہ لیا۔
رضاکاروں میں نصف سے زائد خواتین تھیں جب کہ رضاکاروں کی مجموعی عمر 20 سال اور اس سے زائد تھی۔
ماہرین نے تحقیق کے دوران رضاکاروں کو تین مختلف گروپوں میں تقسیم کرکے ان کی غذائی ڈیٹا کا جائزہ لینے سمیت ان سے متعدد سوالات کیے اور پھر ان کے وزن اور باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) کا جائزہ لیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ سرخ مرچوں کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد میں موٹا ہونے کے امکانات 50 فیصد تک بڑھ سکتے ہیں اور عام طور پر مرچوں کو شوق سے کھانے والے افراد کا وزن بھی دوسروں سے زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ کبھی کبھار یا سرخ مرچ کا کم استعمال کرنے والے افراد میں بھی وزن بڑھتا ہے جب کہ سرخ مرچیں کبھی بھی استعمال نہ کرنے والوں کے وزن میں بھی معمولی اضافہ ہوا۔
ماہرین نے مزید تحقیق کے بعد بتایا کہ ممکنہ طور پر زیادہ سرخ مرچ استعمال کرنے والے افراد کی غذائیں اس طرح تیار کی جاتی ہوں کہ ان میں دوسری چکنائی زیادہ استعمال کی جاتی ہو جو کہ وزن بڑھنے کا سبب بنتی ہو۔
تاہم ساتھ ہی ماہرین نے کہا کہ سرخ مرچوں کے وزن بڑھنے سے تعلق پر مزید تحقیق کی جانی چاہیے اور لوگوں کو ان کی عمر، جنس اور طرز زندگی کو دیکھتے ہوئے مرچوں کے استعمال کی تجویز دی جانی چاہیے۔