• KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm
  • KHI: Asr 4:28pm Maghrib 6:04pm
  • LHR: Asr 3:43pm Maghrib 5:21pm
  • ISB: Asr 3:43pm Maghrib 5:22pm

بھارت سے شکست: قومی ٹیم کے کوچ گیری کرسٹن کا نیویارک کی پچ کا دفاع

شائع June 10, 2024
— فائل فوٹو:
— فائل فوٹو:

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے نیو یارک کے ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد پچ کا دفاع کیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے تمام پانچوں میچز لو اسکورنگ رہے، جہاں پر ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل ’ڈراپ ان‘ پچ لگائی گئی ہے۔

گزشتہ ہفتے زمبابوے کے سابق انٹرنیشنل اور انگلینڈ کے سابق ٹیم ڈائریکٹر اینڈی فلاور نے غیر متوقع باؤنس کی وجہ سے اسے ’خطرناک‘ قرار دیتے ہوئے آئرلینڈ کے خلاف بھارت کی جیت کے بعد پچ پر تنقید کی تھی۔

گزشتہ روز ہونے والے میچ میں بھی رنز بنانا مشکل تھے تاہم کچھ گیندیں ہی توقع کے مطابق بیٹ پر نہیں آئیں، اس حوالے سے گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ اس نے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔

قومی ٹیم کے کوچ نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ یہ خطرناک نہیں ہے، میرا مطلب یے کہ کچھ گیندیں توقع سے زیادہ اوپر آئیں، زیادہ نہیں۔

گیری کرسٹن نے کہا کہ دونوں سائیڈز کے لیے اسکور کرنا مشکل تھا اور آؤٹ فیلڈ بھی کافی سست تھی، اس لیے بڑا ٹوٹل نہیں بننا تھا۔

قومی کوچ کے مطابق ’میں نے کہا تھا کہ اس پچ پر 140 رنز بہت اچھا اسکور ہوگا، لیکن بھارت اتنے رنز نہیں بنا سکا، میرا خیال تھا یہ میچ ہمارے ہاتھ میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے تھے کہ یہ مشکل میچ ہوگا، لیکن آپ جانتے ہیں کہ کبھی کبھی اس طرح کا کھیل دیکھنے میں بھی مزہ آتا ہے، ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا کہ 240 اور 260 رنز بنائے جائیں اور چھکے، چوکے لگ رہے ہوں، 120 رنز کے تعاقب میں واقعی ایک اچھا میچ ہوسکتا ہے، لہذا مجھے نہیں لگتا کہ یہ کھیل کے لیے برا ہے۔

پچھلے ہفتے شکایات نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو یہ تسلیم کرنے پر مجبور کیا کہ وکٹ کھیلوں کے معیار کے مطابق نہیں۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ نیویارک کے نساؤ اسٹیڈیم کی وکٹ میں وہ تسلسل نظر نہیں آیا جس کی سب کو توقع تھی۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ بقیہ میچز کے لیے وکٹ کو بہتر بنانے کے لیے بہترین ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔

آئی سی سی نے کہا تھا کہ ’عالمی معیار کی گراؤنڈز ٹیم پچ کی کنڈیشن کو بہتر کرنے اور بقیہ میچوں کے لیے بہترین ممکنہ کریز فراہم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے۔

اس مقام پر تین میچ ہونا باقی ہیں، جبکہ آخری میچ میں بھارت کا مقابلہ شریک میزبان امریکا سے ہوگا۔

واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں امریکا کے شہر نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 120 رنز کا ہدف دیا لیکن قومی بیٹنگ لائن آسان ہدف بھی حاصل نہ کرسکی اور 6 رنز سے ہار گئی۔

کارٹون

کارٹون : 15 جنوری 2025
کارٹون : 14 جنوری 2025