• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

پاک – بھارت ٹاکرا: قومی ٹیم میں 2 تبدیلیوں کا امکان، صائم اور عماد کی واپسی

شائع June 9, 2024
فوٹو: پاکستان کرکٹ بورڈ / ایکس
فوٹو: پاکستان کرکٹ بورڈ / ایکس

ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں بھارت کے خلاف اہم میچ کے لیے قومی ٹیم میں 2 تبدیلیوں کا امکان ہے، آؤٹ آف فارم اعظم خان اور عثمان خان کی جگہ عماد وسیم اور صائم ایوب کی ٹیم میں شمولیت متوقع ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی20 ورلڈکپ 2024 کا 19واں میچ آج گروپ اے کی ٹیموں پاکستان اور بھارت کے درمیان نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

میگا ایونٹ کے افتتاحی میچ میں پاکستان کو میزبان امریکا کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، پاکستان نے امریکا کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دیا، میزبان ٹیم کو آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے جب نتیش کمار نے حارث رؤف کو چوکا لگاکر میچ برابر کردیا۔

سپر اوور میں محمد عامر کی 3 وائٹ بالز اور ایکسٹرا رنز کی بدولت امریکا نے پاکستان کو 19 رنز کا ہدف دیا، قومی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر صرف 13 رنز بناسکی۔

پچھلے میچ میں شکست کے بعد قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں پر غور کیا جارہا ہے، امریکا کے خلاف پہلی گیند پر آؤٹ ہونے والے اعظم خان کو آج کے اہم میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں بنایا جائے گا اور ان کی جگہ انجری سے نجات حاصل کرنے والے آل راؤنڈر عماد وسیم کی ٹیم میں شمولیت کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ عثمان خان کی جگہ اوپننگ بلے باز صائم ایوب کو ٹیم میں شامل کیے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔

پاکستان کی ممکنہ پلینگ الیون:

صائم ایوب، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، بابراعظم (کپتان)، فخرزمان، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد عامر

دوسری جانب بھارتی میڈیا یہ دعویٰ کررہا ہے کہ بھارتی ٹیم میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور آئرلینڈ کے خلاف میچ کھیلنے والے کھلاڑیوں کو ہی میدان میں اتارا جائے گا۔

بھارت کی ممکنہ پلینگ الیون:

روہت شرما (کپتان)، ویرات کوہلی، ریشبھ پانٹ (وکٹ کیپر)، سوریاکمار یادو، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، روینڈرا جڈیجا، اکشر پٹیل، جسپریت بمرا، ارشدیب سنگھ اور محمد سراج

واضح رہے کہ پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے میں رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھنے کے لیے آج لازمی فتح درکار ہے، گروپ اے میں امریکا دو میچز جیت کر پہلی پوزیشن پر ہے اور بھارت آئرلینڈ کو شکست دینے کے بعد دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024