• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

پاکستان کو ہلکا نہیں لیا جاسکتا، یہ پچھلی بار بھی زمبابوے سے ہارکر فائنل کھیل گئی، روہت شرما

شائع June 9, 2024
فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ پاکستان کو ہلکا نہیں لیا جاسکتا، یہی ٹیم گزشتہ ورلڈکپ میں زمبابوے سے ہار کر بھی فائنل کھیل گئی، یقین ہے پاکستان نے اپنی غلطیوں پر کام کیا ہوگا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے گزشتہ روز پریکٹس سیشن کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کو بار بار شکست دینا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی کیوں کہ میچ والے دن جو بھی اچھا کھیلے گا، نتیجہ اسی کے حق میں ہوگا۔

پاکستانی ٹیم کی امریکا کے ہاتھوں شکست سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ٹی20 فارمیٹ میں کچھ بھی ہوسکتا ہے اور ایک میچ کے نتیجے پر آپ حریف کی طاقت کا اندازہ نہیں لگاسکتے، پاکستانی ٹیم کم بیک کی صلاحیت رکھتی ہے، یقین ہے پاکستان نے اپنی غلطیوں پر کام کیا ہوگا۔

روہت شرما کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو کسی بھی صورت ہلکا نہیں لیا جاسکتا، یہی ٹیم گزشتہ ٹی20 ورلڈکپ میں ابتدائی مرحلے میں زمبابوے سے شکست کھانے کے باوجود میگا ایونٹ کا فائنل کھیل گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ٹی20 کرکٹ میں ایک اوور پورا گیم تبدیل کردیتا ہے، لہذا کامیابی کے لیے ہمیں پورے میچ کے بجائے ہر اوور اور ہر گیند پر فوکس کرنا ہوگا، مجھے امید ہے کہ کل ہم مثبت کرکٹ کھیلیں گے اور نتائج ہمارے حق میں ہوں گے۔

118 ٹی20 انٹرنیشنل میں 51.11 کی اوسط رکھنے والے دنیا کے بہترین بلے باز ویرات کوہلی سے متعلق بات کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں ویرات بڑے میچ کا کھلاڑی ہے لیکن ہم کسی بھی ایک یا دو کھلاڑیوں پر انحصار نہیں کرتے، کامیابی کے لیے ہر کھلاڑی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں روہت شرما نے کہا کہ 2021 کے ٹی20 ورلڈکپ اور 2022 کے ایشیاکپ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کو وہ بھلاچکے ہیں اور ان شکستوں کو پریشر ٹیم پر نہیں ہے بلکہ ہم صورتحال کے حساب سے کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں اور اسی کے مطابق فیصلے کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے 19ویں میچ میں نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت مدمقابل ہوں گے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024