• KHI: Maghrib 5:55pm Isha 7:16pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:37pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:39pm
  • KHI: Maghrib 5:55pm Isha 7:16pm
  • LHR: Maghrib 5:11pm Isha 6:37pm
  • ISB: Maghrib 5:11pm Isha 6:39pm

ذی الحج کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ 17 جون بروز پیر کو ہو گی

شائع June 7, 2024
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چاند نظر آنے کا اعلان کیا— فوٹو: ڈان نیوز
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چاند نظر آنے کا اعلان کیا— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان کے بیشتر علاقوں میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا اور عیدالاضحیٰ 17 جون 2024 بروز پیر کو ہو گی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے بیشتر علاقوں مطلع ابر آلود اور کچھ علاقوں میں مطلع صاف بھی رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں ماہ ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں جن میں پشاور، اٹک، کوہاٹ، میانوالی، کرک، حویلیاں، شجاع آباد، ٹیکسلا، مری، نارووال، لاہور اور دیگر مقامات شامل ہیں جہاں چاند نظر آ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ انشااللہ یکم ذوالحجہ 1445 ہجری 8 جون 2024 بروز ہفتے کو ہو گی اور عیدالاضحیٰ 17 جون 2024 بروز پیر کو ہو گی۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر سربراہی ہوا جس میں کمیٹی کے دیگر زونل کمیٹیوں کے اراکین کے ساتھ سپارکو، وزارتِ مذہبی امور، محکمہ موسمیات سمیت دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔

اس سے قبل چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے کہا تھا کہ ذی الحج کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے اور چاند نظر آنے کا دورانیہ تقریباً 70 منٹ ہو گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ شام میں شہر قائد کا موسم جزوی ابرآلود ہے جبکہ ملک کے مختلف حصوں میں بھی شام کے اوقات میں کہیں مطلع صاف اور کہیں جزوی ابرآلود ہے۔

ماہرین کے مطابق رویت کے لیے چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے تک ہونا ضروری ہوتی ہے اور غروب آفتاب کے وقت شمس و قمر کے درمیان فرق 74 منٹ ہوگا۔

دوسری جانب ماہر فلکیات جاوید اقبال نے بھی آج ذی الحج کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ روز شام 5بجکر 40 منٹ پر چاند کی پیدائش ہوئی تھی اور غروب افتاب کے وقت چاند کی عمر 26 گھنٹے 45 منٹ ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ سورج غروب ہوتے وقت چاند افق سے 12.5 ڈگری اونچا ہوگا اور اس وقت اس کی چوڑائی بہت زیادہ ہو گی اور ذی الحج کا چاند غروب آفتاب کے تقریباً 15 منٹ بعد بھی واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر آ گیا اور وہاں حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ 15 جون کو ادا کیا جائے گا جبکہ عیدالاضحیٰ 16جون کو ہو گی۔

کارٹون

کارٹون : 2 جنوری 2025
کارٹون : 1 جنوری 2025