• KHI: Maghrib 5:46pm Isha 7:08pm
  • LHR: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:31pm
  • KHI: Maghrib 5:46pm Isha 7:08pm
  • LHR: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:31pm

ٹی 20 ورلڈکپ: آسٹریلیا نے عمان کو بآسانی 39 رنز سے شکست دے دی

شائع June 6, 2024
— فوٹو: ای ایس پی این / ٹوئٹر
— فوٹو: ای ایس پی این / ٹوئٹر

ٹی 20 ورلڈکپ کے 10ویں میچ میں آسٹریلیا نے عمان کو بآسانی 39 رنز سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا نے ڈیوڈ وارنر (56 رنز) اور مارکس اسٹوئنس (67 رنز) کی مدد سے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں 164 رنز بنائے جواب میں عمان کی ٹیم 20 اوورز میں 125 رنز بناسکی۔

بارباڈوس کے دارالحکومت برج ٹاؤن میں کھیلے جارہے گروپ بی کے میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کینگروز کی جانب سے ٹریوس ہیڈ اور ڈیوڈ وارنر میدان میں اترے، تاہم ہیڈ صرف 12 رنز بنا کر بلال خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد آسٹریلیا نے محتاط انداز میں بلے بازی جاری رکھی لیکن ایک موقع پر 9ویں اوور میں 50 رنز پر اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔

مہران خان کا گلین میکسویل کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی کا اظہار— فوٹو: ای ایس پی این / ٹوئٹر
مہران خان کا گلین میکسویل کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی کا اظہار— فوٹو: ای ایس پی این / ٹوئٹر

ڈیوڈ وارنر کا ساتھ دینے مارکس اسٹوئنس میدان میں اترے، دونوں کھلاڑیوں نے اچھی ساجھے داری قائم کی اور ٹیم کا اسکور 152 رنز پر پہنچایا، اس موقع پر وارنر 56 رنز بنا کر ہمت ہار بیٹھے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے۔

بائیں ہاتھ کے بیٹر وارنر نے آسٹریلیا کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 3 ہزار 155 رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کر دیا، جو اس سے قبل ایرون فنچ کے پاس تھا، جنہوں نے 3 ہزار 120 رنز بنا رکھے ہیں۔

مارکس اسٹوئنس نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 36 گیندوں پر 6 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اس طرح آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے اور عمان کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف دیا۔

عمان کی جانب سے مہران خان نے 38 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ بلال خان اور کلیم اللہ ایک، ایک وکٹ لے سکے۔

عمان کی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں تھا، پہلے ہی اوور میں اوپنر پراتک اٹھاولے بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

آسٹریلین باؤلرز نے اچھی باؤلنگ جاری رکھی اور عمان کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، آیان خان نے اور مہران خان نے کچھ مزاحمت کی تاہم وہ ناکافی ثابت ہوئی اور ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بناسکی، اس طرح آسٹریلیا نے یہ میچ 39 رنز سے جیت لیا۔

عمان کی جانب سے آیان خان نے 36، مہران خان نے 27 اور کپتان عاقب الیاس 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

آسٹریلیا کے مارکس اسٹوئنس نے 3، مچل اسٹارک، ایڈم زمپا اور ناتھن ایلس نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مارکس اسٹوئنس کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2024
کارٹون : 16 دسمبر 2024