• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کا مزید 2 سال تک بند رہنے کا امکان

شائع June 6, 2024
فوٹو: ڈان
فوٹو: ڈان

969 میگاواٹ کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ (این جے ایچ پی پی) کو مکمل طور پر بند ہوئے 2 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود تاحال اس مسئلے کی اصل وجہ اور حقیقت معلوم نہ ہوسکی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس پیشرفت سے واقف حکام نے ڈان کو بتایا کہ یہ مسئلہ توقع سے زیادہ بڑا دکھائی دیتا ہے اور آزاد کشمیر میں مظفر آباد کے قریب واقع 500 ارب روپے کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کو کم از کم مزید 18 سے 24 ماہ تک بند رکھنا پڑ سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہیڈریس ٹنل پریشر (ایچ آر ٹی) میں کمی اور سرنگ کے 17 کلومیٹر کے حصے میں پانی کی کمی کسی بڑی شگاف یا منہدم ہونے کی نشاندہی کرتا ہے، لیکن صحیح صورت حال ابھی تک واضح نہیں ہے۔

969 میگاواٹ کی اپنی نصب شدہ صلاحیت کے باوجود، یہ منصوبہ کبھی کبھار اس سطح سے تجاوز کرجاتا ہے اور ایک ہزار 40 میگاواٹ تک پہنچ جاتا ہے، جب آپریشنل تھا تو یہ ایندھن کی قیمت کے بغیر نیشنل گرڈ کو سالانہ 5 ارب یونٹ سے زیادہ بجلی (کلو واٹ ہاؤرز) تقریباً 10 روپے فی یونٹ کے اوسط ٹیرف پر فراہم کر رہا تھا۔

ایک اہلکار نے بتایا کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کے بند ہونے کا مطلب سالانہ 55 ارب روپے سے زیادہ کا براہ راست نقصان ہے، جبکہ اس کا بالواسطہ اثر مہنگے متبادل ایندھن کی شکل میں آئے گا، جس کی قیمت ایندھن کے ذرائع پر منحصر ہے، اور جس کی قیمت 90 سے 150 ارب روپے کے درمیان ہو سکتی ہے۔

جب ڈان کی جانب سے تبصرہ کرنے کے لیے پوچھا گیا تو نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر محمد عرفان نے بات کرنے سے انکار کر دیا، جب کہ واپڈا نے ابتدائی طور پر جواب دینے پر آمادگی ظاہر کرنے کے بعد کوئی تبصرہ نہ کرنے کا انتخاب کیا۔

تحقیقات میں تاخیر

2 مئی کو واپڈا نے اس مسئلے کا پتا لگانے کے لیے اپنے ہیڈریس ٹنل پریشر کے فزیکل معائنہ کے لیے میگا پروجیکٹ کے مکمل بند ہونے کی باضابطہ تصدیق کی تھی۔

اس نے اعلان کیا تھا کہ پروجیکٹ کنسلٹنٹس اور بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ مل کر ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے گا تاکہ مسئلہ کا سراغ لگنے کے بعد اس مسئلے کو دور کرنے کے لیے تدارک کے کام کیے جائیں۔

بعد ازاں وزیراعظم نے 7 مئی کو جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور تیسرے فریق کے ذریعے تحقیقات کروانے کا اعلان کیا، تاہم ان کے اعلان کے 2 ہفتے بعد ایک سابق بیوروکریٹ کی سربراہی میں ایک باضابطہ کمیٹی کا قیام عمل میں آیا۔

اس وقت اس حادثے کی تحقیقات دو رکنی باڈی کر رہی ہے، جسے اس حادثے کی ذمہ داری کا تعین کرنے کا بھی کام سونپا گیا ہے۔

ایک نوٹیفکیشن کے مطابق، سابق وفاقی سیکریٹری شاہد خان اور موجودہ آبی وسائل کے سیکریٹری سید علی مرتضیٰ کی سربراہی میں کمیٹی 2 اپریل 2024 کے واقعے کے بعد نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پاروجیکٹ کی تعمیر میں خامیوں/ کوتاہیوں کی انکوائری کے لیے گزشتہ ماہ کے آخر میں تشکیل دی گئی تھی۔

کمیٹی سے کہا گیا ہے کہ وہ اس منصوبے کی ٹیلریس ٹنل میں رکاوٹ کی وجہ معلوم کرنے کے لیے ستمبر 2022 میں تعینات کیے گئے ماہرین کے پینل کے نتائج/رپورٹ پیش کرنے میں تاخیر کی وجوہات کا پتہ لگائے اور پینل کی طرف سے پیش کی جانے والی حتمی رپورٹ کا جائزہ لے۔

کمیٹی کو یہ کام بھی سونپا گیا ہے کہ کہ وہ ٹیلریس ٹنل بلاک ہونے کی وجہ کا پتہ لگانے کے لیے پہلے سے بھرتی کیے گئے ماہرین کے بین الاقوامی پینل کے ذریعے پروجیکٹ کی ہیڈریس ٹنل میں خرابی کا آزادانہ جائزہ لے، اس کے علاوہ کمیٹی کو ہیڈریس ٹنل میں موجودہ خرابی کو دور کرنے کے لیے مناسب تدارک کے اقدامات کی سفارش کرنے کو بھی کہا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اہلکار نے کہا کہ سخت حفاظتی انتظامات اور دسیوں کلومیٹرز تک پھیلے زیر زمین ڈھانچے کو دیکھتے ہوئے اگرچہ تخریب کاری کا امکان کم ہے، لیکن سرنگ کی بحالی کی حالیہ مشق کے پیش نظر اسے مکمل طور پر رد نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر اب سخت حفاظتی نگرانی کی جا رہی ہے اور امید ظاہر کی کہ کچھ بھی زیادہ عرصے تک پوشیدہ نہیں رہے گا۔

ایک سال سے بھی کم عرصے میں دوسری بار بند

واپڈا کے مطابق ایچ آر ٹی پریشر میں اچانک تبدیلی 2 اپریل 2024 کو دیکھی گئی، پروجیکٹ کنسلٹنٹس کے مشورے کے مطابق انتظامیہ ایچ آر ٹی پریشر میں اتار چڑھاؤ کی نگرانی کے لیے 6 اپریل سے 530 میگاواٹ کی محدود صلاحیت پر پلانٹ چلاتے رہے اور بغیر کسی مسئلے کے، مہینے کے آخر تک بجلی کی پیداوار جاری رکھی۔

لیکن 29 اپریل کو ایچ آر ٹی کے دباؤ میں مزید تبدیلیاں دیکھی گئیں، اس کے بعد، جنریشن کو بتدریج کم کیا گیا، لیکن ایچ آر ٹی کا دباؤ محفوظ حدود میں نہیں رہا، جس کی وجہ سے پلانٹ کو یکم مئی کو جسمانی معائنہ کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔

واپڈا نے کہا کہ اس منصوبے میں 51.5 کلومیٹر طویل سرنگ کا نظام ہے، جو ایک کمزور ارضیاتی علاقے میں تعمیر کیا گیا ہے جہاں زلزلےکا خطرہ ریتا ہے، اس کی ایچ آر ٹی 48 کلومیٹر لمبی ہے، جبکہ ٹیلریس ٹنل (ٹی آر ٹی) 3.5 کلومیٹر ہے، منصوبے کا تقریباً 90 فیصد حصہ زیر زمین ہے۔

اس سے قبل جولائی 2022 میں، ٹی آر ٹی میں بڑے شگافوں کی وجہ سے، جن کی مرمت 13 مہینوں میں ہوئی تھی، اس منصوبے کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا، اس کے بعد بجلی کی پیداوار اگست-ستمبر 2023 میں دوبارہ شروع ہوئی، جب کہ پلانٹ نے 28 مارچ کو اپنی زیادہ سے زیادہ 969 میگا واٹ پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024