ہماری شادی میں کوئی لڑکا اور لڑکی نہیں، حرا خان کی منطق
اداکارہ حرا خان نے عجیب منطق پیش کرتے ہوئے سب کو حیران کردیا ہے کہ انہوں نے اور ان کے شوہر نے ایک دوسرے سے لڑکا اور لڑکی سمجھ کر شادی نہیں کی تھی اور ان کی ازدواجی تعلقات میں کوئی لڑکا، لڑکی نہیں۔
حرا خان اور ارسلان خان نے فروری 2023 میں اپنے کیریئر کے آغاز میں ہی شادی کرلی تھی۔
دونوں نے کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد شادی کی تھی، رشتہ ازدواج میں بندھنے سے قبل بھی دونوں ایک ساتھ دکھائی دیتے تھے جب کہ شادی کے بعد بھی دونوں کو کچھ منصوبوں میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔
حال ہی میں حرا خان نے انڈیپینڈنٹ اردو کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے اپنی شادی اور تعلقات کے حوالے سے عجیب منطق پیش کی، جس پر سب لوگ حیران رہ گئے۔
انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ انہیں فلموں میں کام کی زیادہ پیش کش نہیں ہوئیں، انہوں نے صرف ایک ہی فلم میں کام کیا ہے جو جلد ریلیز ہونے والی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہیں ٹی وی شوز کی میزبانی کی متعدد بار پیش کش ہو چکی ہے لیکن ان کا فی الحال میزبانی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں حرا خان نے بتایا کہ انہیں اور ان کے شوہر ارسلان کو کچھ عرصہ قبل ایک ساتھ ڈرامے میں کام کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے آفر مسترد کردی اور اگر انہیں اچھے کام کی پیش کش ہوئی تو ضرور ایک ساتھ کام کریں گے۔
ارسلان خان سے شادی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر حرا خان کا کہنا تھا کہ چوں کہ ان کے شوہر نے ان کے لیے شادی سے قبل بہت کچھ کیا تھا، اس لیے انہوں نے ان سے ہی شادی کرلی۔
ان کے مطابق اگر وہ ارسلان خان سے شادی نہ کرتیں تو پھر ان کی کبھی شادی نہ ہوتی اور کسی سے بھی وہ شادی نہ کرتیں۔
اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے حرا خان نے عجیب منطق پیش کی کہ ان کے شوہر انہیں کہتے رہتے ہیں کہ جب کوئی مرد کسی کام کرنے والی خاتون سے شادی کرتا ہے تو وہ ایک آدمی سے شادی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی شادی میں کوئی لڑکا اور لڑکی نہیں اور نہ ہی انہوں نے یہ سمجھ کر شادی کی تھی۔
حرا خان کے مطابق وہ دونوں برابر ہیں، ان کی ذمہ داریاں برابر ہے، عورت ہونے کے ناطے ان کی ذمہ داریاں الگ ضرور ہیں لیکن ان کی ازدواجی زندگی میں کوئی لڑکا اور لڑکی نہیں۔
حرا خان کی جانب سے عجیب منطق پیش کیے جانے پر بعض لوگ حیران بھی دکھائی دیے اور انہوں نے اداکارہ کے بیان پر دلچسپ تبصرے بھی کیے۔