• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:48am Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 11:53am Asr 3:26pm

ٹی20 ورلڈ کپ میں سری لنکن بیٹنگ زمین بوس، جنوبی افریقہ 6 وکٹ سے کامیاب

شائع June 3, 2024 اپ ڈیٹ June 4, 2024
اینرچ نوکیا نے 7 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
اینرچ نوکیا نے 7 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں جنوبی افریقہ نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت سری لنکا کو شکست دے کر عالمی کپ کا کامیابی سے آغاز کر لیا۔

نیویارک میں کھیلے ٹی20 ورلڈ کپ کے گروپ ڈی کے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو تباہ کن ثابت ہوا۔

سری لنکا کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب اننگز کے تیسرے ہی اوور میں پاتھم نسانکا صرف تین رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔

کوشل مینڈس اور کمندو مینڈس نے مل کر اسکور 31 تک پہنچایا ہی تھا کہ جنوبی افریقی کپتان نے باؤلنگ پر ایک اینڈ سے اینرچ نوکیا اور دوسرے اینڈ سے کیشپ مہاراج کو متعارف کرایا جنہوں نے چند اوورز میں ہی سری لنکن بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔

نوکیا نے 31 کے مجموعی اسکور پر کمندو مینڈس کو چلتا کیا تو اگلے ہی اوور میں مہاراج نے دو شکار کرتے ہوئے کپتان ونندو ہسارنگا کے ساتھ ساتھ سدیرا سمارا وکراما کا کام بھی تمام کردیا، دونوں ہی کھلاڑی کھاتا تک کھولنے میں ناکام رہے۔

کگیسو ربادا نے دو وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
کگیسو ربادا نے دو وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

ابھی سری لنکن ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ نوکیا نے اگلے اوور میں کوشل مینڈس کی قیمتی وکٹ حاصل کر لی اور یوں 10 اوورز کے اختتام پر سری لنکن ٹیم 40 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا چکی تھی۔

سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ لائن کی ناکامی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 12اوورز تک وہ صرف چوکے مار سکی تھی اور اسی اوور میں نوکیا نے ایک اور شکار کرتے ہوئے تیسری وکٹ بھی حاصل کر لی۔

45 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد تجربہ کار اینجلو میتھیوز کا ساتھ دینے داسن شناکا آئے اور دونوں چند چھکے لگا کر اسکور کو 68 تک پہنچایا لیکن کگیسو ربادا نے شناکا کی وکٹیں بکھیر کر اپنی ٹیم کو ساتویں کامیابی دلا دی۔

سری لنکا کی 100 کے ہندسے تک رسائی کی امیدیں اس وقت دم توڑ گئیں جب نوکیا نے چوتھا وار کرتے ہوئے 16 رنز بنانے والے میتھیوز کا کام تمام کردیا۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 20ویں اوور کی آخری گیند پر صرف 77 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور اس کے آٹھ کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

جنوبی افریقہ باؤلرز نے شاندار نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نوکیا اور اوٹنیل بارٹ مین نے اپنے چار اوورز کے کوٹے میں بالترتیب 7 اور 9 رنز دیے۔

پروٹیز کی جانب سے نوکیا نے 7 رنز کے عوض چار، مہاراج اور ربادا نے دو، دو جبکہ بارٹ مین نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں ایک مشکل وکٹ پر جنوبی افریقہ کے بلے بازوں کو بھی رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا دوسرے ہی اوور میں ریزا ہینڈرکس صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

ابھی اسکور 23 تک پہنچا ہی تھا کہ داسن شناکا نے کپتان ایڈن مرکرم کی اننگز کا خاتمہ کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلا دی۔

سری لنکا کو اسی اوور میں ایک اور وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن سلپ میں کھڑے کوشل مینڈس جنوبی افریقی بلے باز ٹرسٹان اسٹبس کا کیچ نہ لے سکے۔

میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی مصاففحہ کررہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑی مصاففحہ کررہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

اس موقع سے اسٹبس نے فائدہ اٹھایا اور کوئنٹن ڈی کوک کے ساتھ مل کر ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی لیکن 51 کے مجموعے پر تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز کی 20 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔

اسکور میں 7 رنز کے اضافے سے اسٹبس کی 13 رنز بنا کر چلتے لیکن ڈیوڈ ملر اور ہنری کلاسن نے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔

جنوبی افریقہ نے 22 گیندوں قبل ہدف حاصل کر کے میچ میں 6 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ دو قیمتی پوائنٹس بھی حاصل کر لیے۔

اینرچ نوکیا کو ان کی شاندار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 17 نومبر 2024
کارٹون : 16 نومبر 2024