• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

عمران خان کے اکاؤنٹ سے متنازع ٹوئٹ: مزید 3 پی ٹی آئی رہنماؤں کو نوٹس جاری

شائع June 1, 2024
—  فائل فوٹو: پی ٹی آئی انسٹاگرام
— فائل فوٹو: پی ٹی آئی انسٹاگرام

پاکستان تحریک انصاف کے بانی و سابق وزیر اعظم عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے متنازع ویڈیو اپلوڈ کرنے کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی کے مزید 3 رہنماؤں کو نوٹس جاری کردیے۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹرگوہر، جنرل سیکریٹری عمر ایوب اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو نوٹس جاری کیے ہیں۔

نوٹس میں ان رہنماؤں کو منگل کے روز طلب کیا گیا ہے، نوٹس کے متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے اکاؤنٹ سے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی۔

نوٹس میں کہا گیا کہ اشتعال انگیزی سے عوام کو قانون ہاتھ میں لینے پر بھی اکسایا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے نے عمران خان کے ایکس اکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمٰن کی ویڈیو شیئر کرنے کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی تھی کہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے ویڈیو کس نے، کیوں اور کیسے شیئر کی جب کہ سابق وزیر اعظم نے معاملے پر ایف آئی اے ٹیم سے ملنے سے انکار کردیا تھا۔

واضح رہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال کا سقوط ڈھاکا سے موازنہ کرنے سے متعلق 26 مئی کو عمران خان کے آفیشل اکاؤنٹ نے ان سے منسوب بیان کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی گئی کہ ’ہر پاکستانی کو حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کا مطالعہ کرنا چاہیے اور جاننا چاہیے کہ اصل غدار کون تھا، جنرل یحییٰ خان یا شیخ مجیب الرحمٰن۔‘

ویڈیو میں پاکستانی فوج کی طرف سے کیے گئے مبینہ مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے دلیل دی گئی کہ خانہ جنگی کے دوران سابق فوجی آمر ہی اصل میں ملک کے ٹوٹنے کا ذمہ دار تھا۔

ویڈیو میں موجودہ سویلین اور عسکری قیادت کی تصاویر کو بھی ایک دوسرے سے ملایا گیا، جس میں الزام لگایا گیا کہ انہوں نے عام انتخابات میں پارٹی کا مینڈیٹ چرایا۔ اس پوسٹ کا دفاع کرتے ہوئے، بیرسٹر گوہر نے پہلے اصرار کیا تھا کہ یہ پیغام سیاسی نقطہ بنا رہا ہے اور فوج کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024