• KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:08am
  • KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:08am

وزیر اعظم شہباز شریف 4جون سے چین کا پانچ روزہ دورہ کریں گے

شائع May 31, 2024
وزیر اعظم شہباز شریف— فائل فوٹو: اے پی پی
وزیر اعظم شہباز شریف— فائل فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ کی دعوت پر 4 سے 8 جون تک چین کا پانچ روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اس دوران بیجنگ کے علاوہ ژیان اور شینزن شہروں کا بھی دورہ کریں گے۔

بیجنگ میں قیام کے دوران وزیر اعظم صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے اور وزیر اعظم لی کیانگ کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے، وہ نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژائو لیجی اور اہم سرکاری محکموں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

بیان کے مطابق اس دورے کا ایک اہم پہلو تیل و گیس، توانائی، آئی سی ٹی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی سرکردہ چینی کمپنیوں کے کارپوریٹ ایگزیکٹوز کی وزیراعظم سے ملاقاتیں ہوں گی۔

وزیر اعظم شہباز شریف شینزن میں دونوں ممالک کے سرکردہ تاجروں، کاروباری شخصیات اور سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ چائنا پاکستان بزنس فورم سے خطاب کریں گے جبکہ چین میں اقتصادی اور زرعی زونز کا بھی دورہ کریں گے۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ چین، پاک چین دوستی کا ثبوت ہے جس کی سب سے بڑی خصوصیت اعلیٰ سطح کے تبادلے اور بات چیت ہے۔

دورے کے دوران فریقین ہمہ موسمی اسٹریٹیجک کوآپریٹو پارٹنرشپ پر بات چیت کریں گے جبکہ فریقین چین پاکستان اقتصادی راہداری کو اپ گریڈ، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ، سلامتی اور دفاع ، توانائی، اسپیس، سائنس اور ٹیکنالوجی اور تعلیم میں تعاون کو بڑھانے سمیت ثقافتی تعاون اور عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دے کر پاک چین دوستی کی مستقبل کی سمت طے کرکے مزید مضبوط بنانے کے لیے بات چیت کریں گے۔

دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہم پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے بے تابی سے منتظر ہیں اور اسے زیادہ سے زیادہ مشترکہ ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک موقع کے طور پر دیکھتے ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے جمعہ کودارالحکومت بیجنگ میں اپنی معمول کی بریفنگ کے دوران کہا کہ یہ دورہ چین پاکستان سدا بہار اسٹریٹیجک شراکت داری کو فروغ دے گا اور نئے دور میں مشترکہ مقدر رکھنے والی قریبی کمیونٹی کی تعمیر کرے گا۔

ترجمان نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کیانگ اور نیشنل پیپلز کانگریس کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین ژاؤ لیجی وزیراعظم پاکستان سے ملاقاتیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی قیادت دوطرفہ تعلقات اور مشترکہ تشویش کے امور پرتفصیلی تبادلہ خیال کرے گی اور چین پاکستان تعلقات کے مستقبل کی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر منصوبہ بندی کرے گی۔

چینی ترجمان نے کہا کہ چین اور پاکستان ہمہ وقت اسٹریٹجک پارٹنر اور آہنی دوست ہیں، حالیہ برسوں میں چین اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ سطح کے قریبی تبادلے ہوئے ہیں اور دوطرفہ عملی تعاون بڑھ رہا ہے جس کے نتیجہ خیز نتائج چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کی تعمیر کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ دونوں ممالک نے بین الاقوامی اور علاقائی معاملات میں بہتر رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024