’بدو بدی‘ کی مقبولیت بھی ’آئی ٹو آئی‘ کی طرح عارضی ہے، جگن کاظم
اداکارہ و ٹی وی میزبان جگن کاظم کا کہنا ہے کہ حال ہی میں کامیڈین چاہت فتح علی خان کی جانب سے جاری کردہ گانے ’بدو بدی‘ کی شہرت بھی ماضی میں ریلیز کیے گئے گانے ’آئی ٹو آئی‘ کی طرح عارضی ہے۔
جگن کاظم حال ہی میں احمد علی بٹ کے پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر بات کرنے کے علاوہ ’بدو بدی‘ پر بھی بات کی۔
اداکارہ نے چاہت فتح علی خان کے گانے کی مقبولیت کو عارضی قرار دیا اور کہا کہ مذکورہ گانا بھی ماضی میں اسی طرح تھوڑے وقت کے لیے مقبول ہونے والے گانوں کی طرح ہی ہے۔
جگن کاظم کے مطابق ماضی میں بھی ’بدو بدی‘ کی طرح ’آئی ٹو آئی‘ اور ’ون پاؤنڈ فش‘ بھی عارضی طور پر کافی مقبول ہوئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح چائے والا سمیت دیگر لوگ بھی سامنے آئے اور انہوں نے کچھ وقت کے لیے نام کمایا اور پھر غائب ہوگئے، ان کی شہرت اور مقبولیت عارضی ہوتی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اس بات کی خواہش مند رہی ہیں کہ انسان کو ایسا کام کرنا چاہیے جو دیرپا ہو اور اس کی مقبولیت ہمیشہ ہی قائم رہے۔
انہوں نے اپنی مثال دی کہ وہ بھی ایسے ہی کام کرتی ہیں، وہ کم اور آہستہ کام کرتی ہیں لیکن جو بھی کام کرتی ہیں وہ دیرپا ہوتا ہے اور اس کا اثر دیر تک رہتا ہے۔
جگن کاظم نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ماضی میں ان سے متعلق پیش گوئی کی جاتی رہی کہ ان کا کیریئر ختم ہوگیا لیکن آج تک انہیں ٹی وی شوز میں بکواس کرنے کے پیسے ملتے ہیں۔
خیال رہے کہ ’بدو بدی‘ کو چاہت فتح علی خان نے رواں ماہ کے آغاز میں ماڈل وجدان راؤ کے ہمراہ ریلیز کیا گیا تھا، جو سوشل میڈیا پر کافی مقبول ہوا اور اسے تقریبا تین کروڑ بار تک دیکھا جا چکا ہے۔
چاہت فتح علی خان کے بعد حال ہی میں پنجابی بھنگڑا گلوکار ابرارالحق نے بھی ’بدو بدی‘ کو گایا تھا۔
’بدو بدی‘ کو سب سے پہلے ملکہ ترنم نورجہاں نے 1973 کی فلم بنارسی ٹھگ کے لیے گایا تھا اور مذکورہ گانا اپنے وقت کا مقبول ترین گانا بھی رہا۔