آرمی چیف سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ کی ملاقات، علاقائی امن و استحکام پر تبادلہ خیال
آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے ملاقات کی جس کے دوران علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔
پاف فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ملاقات میں علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔
بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں جامع مدد اور تعاون فراہم کرنے کے لیے ملک کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بات چیت کےدوران معزز مہمان نے آذربائیجان کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر تعریف کی اور علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے میں ملک کے اہم کردار کا اعتراف کیا۔