• KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm
  • KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:25pm
  • LHR: Asr 5:03pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm

چوتھا ٹی20: انگلینڈ نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

شائع May 31, 2024
— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز
قومی ٹیم کے بلے باز محمد رضوان کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
قومی ٹیم کے بلے باز محمد رضوان کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی— فوٹو بشکریہ پی سی بی
انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی— فوٹو بشکریہ پی سی بی

لندن: انگلینڈ نے پاکستان کو چوتھے اور آخری ٹی 20 میں 7 وکٹ شکست دے کر چار میچوں کی سیریز میں 2 صفر سے کامیابی حاصل کرلی۔

انگلینڈ کے اوپنرز نے 82 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، فل سالٹ نے 24 گیندوں پر 45 رنز اور جوز بٹلر نے 21 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیلی، تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ول جیکس تھے جو 20 رنز بنا سکے۔

انگلش بلے باز جونی بیئرسٹو اور بروک بالترتیب 28 اور 17رنز پر ناقابل شکست رہے، انگلینڈ کی ٹیم نے 158 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے حاصل کیں۔

2 وکٹیں اور 2 کیچز تھامنے والے عادل رشید کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ انگلش کپتان جوز بٹلر پلیئر آف دی سیریز رہے۔

اوول میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے سیریز کے چوتھے اور آخری ٹی20 میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن بدترین ناکامی سے دوچار ہوئی اور پورری ٹیم صرف 157 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

صائم ایوب کی مسلسل ناکامیوں کے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان کی جوڑی نے کافی عرصے بعد ایک مرتبہ پھر اننگز کا آغاز کیا اور پاکستان کو 6 اوورز میں 59 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔

اس مرحلے پر جوفرا آرچر نے 22 گیندوں پر 36 رنز بنانے والے بابر کی اننگز کا خاتمہ کردیا لیکن قومی ٹیم کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب اگلے اوور میں عادل رشید 23 رنز بنانے والے رضوان کو بھی چلتا کردیا۔

اسکور ابھی 83 تک پہنچا ہی تھا کہ معین علی کی گیند پر فخر زمان کیچ دے کر چلتے بنے جبکہ عاسدل رشید نے شاداب کو کھاتا کھولے بغیر ہی پہلی گیند پر چلتا کردیا۔

مشکلات سے بھنور میں پھنسی پاکستانی کی ٹیم کو پانچواں نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب اعظم خان بھی مارک وُڈ کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے اور پھر ریویو بھی ضائع کردیا۔

اس مرحلے پر عثمان خان کا ساتھ دینے افتخار احمد آئے اور دونوں نے مل کر اسکور کو 126 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر 21 گیندوں پر 38 رنز بنانے والے عثمان خان بھی پویلین لوٹ گئے۔

افتخار احمد نے 21 جبکہ نسیم شاہ نے 16 رنز بنائے لیکن اس کے باوجود قومی ٹیم ایک گیند قبل ہی 157 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید، لیام لیونگسٹن اور مارک وُڈ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ معین علی، آرچر اور کرس جورڈن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے دو میچ بارش کی نذر ہوئے اور دوسرا ٹی20 میچ جیتنے والی انگلش ٹیم نے سیریز میں 0-2 سے کامیابی حاصل کر لی ہے۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھی۔

بابراعظم(کپتان)، عثمان خان، محمد رضوان، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر اور حارث رؤف۔

کارٹون

کارٹون : 5 جولائی 2024
کارٹون : 4 جولائی 2024